پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سابقہ اداکارہ سارہ چوہدری(Sara Chaudhry) نے شادی کے بعد شوبز کو خیرباد کہہ دینے کے باوجود بھی شادی ناکام ہونے کی وجہ بتا دی۔
سارہ چوہدری نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی زندگی میں آنے والے اتار چڑھاؤ کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے اپنی شادی ناکام ہونے کے بارے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ لوگ اکثر میرے بارے میں یہ کہتے ہیں کہ خود کو بدلنے اور شوبز چھوڑنے کے باوجود بھی طلاق ہو گئی۔
سابقہ اداکارہ نے بتایا کہ یہ بھی ہمارے لیے اللّٰہ کا ہی مقرر کردہ ایک راستہ ہے، ہاں مگر زیادہ پسندیدہ نہیں ہے، اس لیے ہمیں طلاق کی تعریف یا تشہیر نہیں کرنی چاہیے بلکہ اگر کہیں میاں بیوی کے درمیان صلح کروائی جا سکتی ہو تو کروانی چاہیے۔
اُنہوں نے کہا کہ اس لیے یہ کوئی دلیل نہیں ہے کہ اگر کسی نے اللّٰہ کے بتائے راستے پر چلنے کے لیے اتنی زیادہ قربانی دی ہے تو اس کی شادی ناکام نہیں ہو سکتی۔
مزیدپڑھیں:موٹر و ے گینگ ریپ کیس: ایلون مسک کی پاکستان کے عدالتی فیصلے کی کھل کر تعریف
سارہ چوہدری نے کہا کہ یہ سب انسان کی تقدیر ہے، اللّٰہ نے ہر انسان میں خوبیاں اور خامیاں دونوں رکھی ہیں اور ہر انسان میں برداشت کی ایک حد بھی رکھی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ میں اپنی نجی زندگی کے بارے میں اس طرح آن کیمرہ زیادہ بات نہیں کرتی لیکن مختصراً اتنا بتاؤں گی کہ جہاں تک نصیب میں ساتھ لکھا ہوا تھا، اس وقت تک دونوں طرف سے شادی کو بچانے کی پوری کوشش کی گئی اور جب یہ محسوس ہونے لگا کہ اب ہم آگے مزید ایک دوسرے کے ساتھ نہیں چل سکتے تو باہمی رضامندی سے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔
میزبان نے سابقہ اداکارہ سے جب یہ سوال پوچھا کہ آپ کو شادی ناکام ہونے پر اب کوئی پچھتاوا ہے؟
اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے دین کو سمجھنے کا یہ فائدہ بھی ہوا کہ میری زندگی سے پچھتاوے ختم ہو گئے، اس لیے مجھے اپنی زندگی میں ہونے والی کسی بھی چیز پر کوئی پچھتاوا نہیں ہے، جو اب تک ہوا یا جو مستقبل میں ہو گا سب میری تقدیر اور اللّٰہ کی مرضی ہے۔









