ڈرامہ سیریل جانشین آج رات 8بجے آن ٹی وی پرنشر ہوگا،جانشین ایک سماجی اور جذباتی ڈرامہ سیریل ہے جس کی کہانی بیٹے کی خواہش، عورت کی قربانی، خاندانی روایات، اور شعورِ زندگی جیسے اہم موضوعات کے گرد گھومتی ہے۔
کہانی کا آغاز ایک اسپتال سے ہوتا ہے جہاں طاقتور کاروباری شخصیت ملک عطا کی بہو زابی اپنی چوتھی ڈلیوری کے دوران زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔ ملک عطا اپنے خاندان کے “وارث” یعنی پوتے کے جنون میں اس حد تک اندھا ہوچکا ہے کہ اپنی بہو کی جان تک قربان کرنے کو تیار ہے، کیونکہ اس کی پہلی تین اولادیں بیٹیاں ہیں۔ مگر ڈاکٹر شمش، جو ایک اصول پسند اور انسان دوست ڈاکٹر ہے، ماں اور بچے دونوں کی جان بچانے کی کوشش کرتی ہے۔
قسمت کا کھیل یہ ہوتا ہے کہ بچہ زندہ نہیں رہتا جبکہ زابی کی جان بچ جاتی ہے۔ ملک عطا اس نقصان کا ذمہ دار ڈاکٹر شمش کو ٹھہراتا ہے اور اپنے اثر و رسوخ سے اس کی زندگی مشکل بنا دیتا ہے۔ اسپتال چھوڑنے کے بعد شمش ہار نہیں مانتی بلکہ غریب اور پسماندہ علاقے میں “سبزی کلینک” کے نام سے مفت علاج کا آغاز کرتی ہے۔ وہاں وہ خواتین میں صحت، آبادی اور شعور سے متعلق آگاہی پیدا کرتی ہے۔ اس سفر میں کئی دلچسپ، مزاحیہ اور جذباتی کردار اس کے ساتھ جڑتے ہیں۔
دوسری جانب شمش کی زندگی میں اس کا پرانا محبت کرنے والا دفا دوبارہ آتا ہے، جو دراصل ملک عطا کا بھانجا نکلتا ہے۔ شمش دفا سے شادی کرکے اسی گھر میں داخل ہوتی ہے جہاں کبھی اس کی بے عزتی کی گئی تھی۔ اب یہ صرف ایک خاندان کی کہانی نہیں رہتی بلکہ حق اور غلط، انسانیت اور غرور، اور عورت کی عزت و اہمیت کی جنگ بن جاتی ہے۔
مزیدپڑھیں:چھوٹے کاروباری افراد کے لیے خوشخبری، بڑی مشکل آسان ہو گئی
کہانی ایک بڑے راز کے انکشاف پر پہنچتی ہے جب معلوم ہوتا ہے کہ جس “جانشین” کے لیے ملک عطا نے اپنی بہو کی جان تک داؤ پر لگا دی تھی، وہ دراصل اس کا حقیقی وارث ہی نہیں۔ یہ سچ ملک عطا کی دنیا ہلا دیتا ہے۔ آخرکار وہی پوتیاں، جنہیں اس نے کبھی قبول نہیں کیا تھا، اس کی زندگی بچاتی ہیں اور اس کے دل کو بدل دیتی ہیں۔
“جانشین” ایک بامقصد مگر مکمل تفریحی ڈرامہ ہے جو بیٹیوں کی اہمیت، عورت کے احترام، خاندانی رویّوں، اور معاشرتی شعور کو نہایت جذباتی اور ڈرامائی انداز میں پیش کرتا ہے۔









