بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ملک بھر میں آٹا مزید مہنگا، 20 کلو تھیلے کی قیمت 2800 روپے تک جا پہنچی

ملک بھر میں آٹے(Flour) کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا رجحان برقرار ہے، جس کے باعث شہریوں پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھ گیا ہے۔

ادارہ شماریات کی تازہ دستاویز کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2 ہزار 600 سے 2 ہزار 800 روپے کے درمیان پہنچ چکی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں آٹے کا 20 کلو گرام تھیلا سب سے مہنگا فروخت ہو رہا ہے، جہاں شہری ایک تھیلا 2 ہزار 800 روپے میں خریدنے پر مجبور ہیں۔ قیمتوں میں اضافے کے باعث متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کو گھریلو اخراجات پورے کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مزیدپڑھیں:ٹرمپ ایرانی منجمد اثاثے بحال کر کے ڈیڈلاک ختم کر سکتے ہیں، محسن رضائی

دستاویز کے مطابق پشاور میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2 ہزار 750 روپے ریکارڈ کی گئی، جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یہی تھیلا 2 ہزار 733 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

اسی طرح راولپنڈی میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2 ہزار 707 روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ کوئٹہ اور بنوں میں شہریوں کو یہی تھیلا 2 ہزار 700 روپے میں دستیاب ہے۔

حیدر آباد نسبتاً کم قیمت والا شہر رہا، جہاں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2 ہزار 600 روپے ریکارڈ کی گئی، تاہم یہ قیمت بھی گزشتہ ادوار کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آٹے سمیت بنیادی اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوامی مشکلات میں اضافے کا سبب بن رہا ہے، جبکہ شہری حکومت سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔