بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ناسا کے خلاباز اب پراڈا کے ڈیزائن کردہ جدید سپیس سوٹس پہنیں گے

اطالوی لگژری فیشن ہاؤس پراڈا (Prada)نے چاند پر جانے والے آئندہ خلائی مشنز کے لیے تیار کیے گئے جدید اندرونی اسپیس سوٹ کی رونمائی کر دی ہے، جو ناسا کے قمری پروگرام میں استعمال ہوگا۔
پراڈا نے یہ جدید خلائی لباس خلائی انفراسٹرکچر کمپنی ایکسیم سپیس کے اشتراک سے تیار کیا ہے، ایل سی وی جی نامی اس اندرونی سپیس سوٹ میں جدید وینٹی لیشن سسٹمز کو کپڑے کے اندر ہی مربوط کیا گیا ہے، جبکہ ایک خصوصی کولنگ سسٹم ٹھنڈا پانی باریک نالیوں کے ذریعے جسم کے اہم عضلاتی حصوں تک پہنچاتا ہے تاکہ خلاباز انتہائی سخت خلائی ماحول میں بھی آرام دہ اور متوازن جسمانی درجہ حرارت برقرار رکھ سکیں۔

پراڈا کے چیف مارکیٹنگ آفیسر لورینزو برٹیلی نے اس موقع پر کہا کہ کمپنی اس اہم پیش رفت پر فخر محسوس کرتی ہے، جو ایکسیم سپیس کی خلائی مہارت اور پراڈا کی ڈیزائن، پیٹرن سازی اور جدید مواد کے شعبوں میں مہارت کے امتزاج کا نتیجہ ہے، یہ منصوبہ انسانیت کی چاند پر واپسی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

دوسری جانب ایکسیم سپیس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جونتھن کرٹین نے کہا کہ خلائی انجینئرنگ کی جدید صلاحیتوں کو لگژری دستکاری اور جدید پروڈکٹ ڈیویلپمنٹ کے ساتھ یکجا کرکے ایسا سپیس سوٹ تیار کیا گیا ہے، جو دونوں کمپنیوں میں سے کوئی ایک اکیلے نہیں بنا سکتی تھی۔

مزیدپڑھیں:تیزاب گردی کے مجرم کی عمر قید برقرار، متاثرہ لڑکی کو معاوضے کی ادائیگی کا حکم

انہوں نے مزید کہا کہ مختلف شعبوں کے ماہرین کے درمیان یہی تعاون مستقبل کے انسانی خلائی سفر کی نئی پہچان بنے گا اور خلانوردوں کو پہلے سے زیادہ محفوظ اور آرام دہ تجربہ فراہم کرے گا۔

ماہرین کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے لیس یہ سپیس سوٹس آئندہ قمری مشنز کے دوران خلابازوں کی کارکردگی اور حفاظت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔