سرپرست اعلیٰ پاکستان سویٹ ہوم (Pakistan Sweet Home)اور سابق رکن قومی اسمبلی زمرد خان نے امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے امن معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے عالمی امن، استحکام اور معاشی ترقی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں زمرد خان نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان اتفاقِ رائے سے نہ صرف خطے میں کشیدگی میں کمی آئے گی بلکہ عالمی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی سفارتی کامیابی ہے جس کا سہرا پاکستان کے سر جاتا ہے اور پاکستان نے عالمی امن کے قیام کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کیا ہے۔
زمرد خان نے کہا کہ الحمدللہ ایک نہایت پیچیدہ اور حساس عالمی سفارتی مسئلے میں پاکستان کی کوششیں کامیابی سے ہمکنار ہوئیں۔ انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر اور دیگر قومی رہنماؤں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دانشمندانہ قیادت، تدبر اور انتھک سفارتی کاوشوں کے باعث پاکستان نے عالمی سطح پر عزت اور وقار حاصل کیا ہے۔
مزیدپڑھیں:ایران امریکہ معاہدہ،فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امن عمل میں غیر معمولی کردار ادا کیا،وزیراعظم
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امتِ مسلمہ اور عالمی امن کے لیے خوش آئند ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ مذاکرات، برداشت اور امن کے فروغ کی پالیسی کو ترجیح دی ہے اور حالیہ پیش رفت اسی پالیسی کی کامیابی کا ثبوت ہے۔
زمرد خان نے اعلان کیا کہ اس تاریخی کامیابی پر پاکستان سویٹ ہوم اسلام آباد، سکھر، بھلوال اور سوہاوہ میں زیر کفالت بچوں اور بچیوں کے علاوہ ری ہیب سینٹر میں زیر علاج افراد کی جانب سے جمعہ کے روز نمازِ شکرانہ ادا کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی، ترقی اور عالمی امن کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی جائیں گی۔









