اسلام آباد: صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیرمقام(Amir mouqam) نے قومی اسمبلی میںاظہارِ خیال کرتے ہوئے سابقہ فاٹا و پاٹا/ ملاکنڈ ڈویژن اور خیبرپختونخوا کے تمباکو کاشتکاروں، تاجروں، صنعتکاروں اور عوام کے مسائل بھرپور انداز میں اٹھائے۔
انجینئر امیرمقام نے کہا کہ وہ حکومتی عہدے کی پرواہ کیے بغیر سابقہ فاٹا اور پاٹا کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سابقہ فاٹا و پاٹا کے عوام مزید ٹیکسوں کے متحمل نہیں ہو سکتے، لہٰذا ایف بی آر کسٹمز ایکٹ اور انکم ٹیکس سے متعلق تجاویز پر نظرثانی کرے اور عوامی مفاد کے پیش نظر انہیں واپس لیا جائے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سابقہ فاٹا اور پاٹا کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے امن، استحکام اور پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے اپنا خون، اپنے گھر اور اپنے کاروبار قربان کیے، اس لیے ان علاقوں کے عوام پر مزید معاشی بوجھ ڈالنا کسی صورت مناسب نہیں۔
انہوں نے ملاکنڈ ڈویژن اور سابقہ قبائلی اضلاع میں چھوٹے کاروباروں اور صنعتوں پر اضافی ٹیکسوں کے نفاذ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں کیلئے ٹیکس استثنیٰ برقرار رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ مقامی معیشت کو سہارا مل سکے اور روزگار کے مواقع محفوظ رہیں۔
انجینئر امیرمقام نے قومی اسمبلی میں خیبرپختونخوا کے تمباکو کاشتکاروں، تاجروں، برآمد کنندگان اور صنعت سے وابستہ افراد کے مسائل بھی بھرپور انداز میں اٹھائے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع کے ہزاروں کاشتکار اور مزدور تمباکو صنعت سے وابستہ ہیں اور اضافی ٹیکسوں اور دیگر مالی بوجھ نے انہیں شدید معاشی دباؤ سے دوچار کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمباکو صنعت کو درپیش مشکلات کے باعث ہزاروں افراد کے روزگار کو خطرات لاحق ہیں، اس لیے اس شعبے کے جائز تحفظات کو سنجیدگی سے سنا جانا چاہیے۔
انہوں نے تمباکو کاشتکاروں اور تاجروں پر عائد اضافی ٹیکسوں اور سیس کے خاتمے کا مطالبہ بھی کیا۔وفاقی وزیر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ تمباکو سیکٹر اور سابقہ فاٹا و پاٹا سے متعلق مسائل کے حل کیلئے ایک خصوصی کمیٹی میں وفاقی حکومت، خیبرپختونخوا حکومت، تمباکو صنعت، کاشتکاروں اور تاجروں کے نمائندوں کو شامل کیا جائے۔
مزید پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کا نئے اسلامی سال 1448 ہجری کے آغازپر امہ کیلئے اہم پیغام
تاکہ تمام فریقین کی مشاورت سے قابلِ عمل اور دیرپا حل نکالا جا سکے۔انجینئر امیرمقام نے کہا کہ وہ یہ معاملہ وزیراعظم کے ساتھ اپنی ملاقات میں بھی اٹھا چکے ہیں اور آئندہ بھی سابقہ فاٹا و پاٹا، تمباکو کاشتکاروں اور تاجروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر سطح پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔









