آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) اور جدید ٹیکنالوجی نے اب انسانوں کے لیے واش روم (washroom)جانے کی ضرورت کو بھی ختم کرنے کا انتظام کر دیا ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق چین کی ایک کمپنی نے شنگھائی میں منعقدہ نمائش میں دنیا کا پہلا خودکار ’روبوٹ ٹوائلٹ‘ متعارف کروایا جو ضرورت پڑنے پر خود چل کر آپ کے بستر کے پاس پہنچ جاتا ہے۔
’شیاؤبان‘ نامی یہ سمارٹ ٹوائلٹ خاص طور پر معذور، بیمار اور بوڑھے افراد کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو چلنے پھرنے سے قاصر ہیں۔
اس روبوٹ میں لائیڈار اور ’اے آئی تھری ڈی‘ سسٹم لگا ہوا ہے، جس کی مدد سے یہ گھر میں موجود رکاوٹوں سے بچتا ہوا خودکار طریقے سے ایسے افراد کے پاس پہنچ جاتا ہے جو اس تک نہیں پہنچ پاتے۔
کمرے کی ہوا کو تازہ رکھنے کے لیے اس میں ایکٹیویٹڈ چارکول کے فلٹرز اور ایک خاص فوم شیلڈ لگی ہے، جو بدبو کو باہر نہیں آنے دیتی۔
استعمال کے بعد یہ روبوٹ خود ہی چل کر گھر کے مین واش روم یا ڈاکنگ اسٹیشن پر جاتا ہے، جہاں پائپ کے ذریعے فضلہ خارج ہو جاتا ہے۔ اس کے بعد یہ مشین پریشر واٹر جیٹس اور الٹرا وائلٹ (یو وی) لائٹ کی مدد سے خود کو اندر سے دھو کر جراثیم سے پاک کر لیتی ہے۔
مزید پڑھیں:سینیٹر کامل علی آغا کی بجلی بلوں سے فکس ٹیکس کے خاتمے کی تجویز
چین کی مارکیٹ میں اس انوکھے روبوٹ ٹوائلٹ کی قیمت تقریباً 13 ہزار امریکی ڈالر (پاکستانی روپے میں لگ بھگ 36 لاکھ روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔









