اسلام آباد: وفاقی حکومت نے فیول سبسڈی پروگرام ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔وفاقی حکومت نے موٹرسائیکل سواروں، چھوٹے کسانوں، پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے شروع کیے گئے فیول سبسڈی پروگرام کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
اس فیصلے کی توثیق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت قومی اسٹیئرنگ کمیٹی برائے فیول سبسڈی کے ساتویں اجلاس میں کی گئی۔

اجلاس میں فیول سبسڈی پروگرام کی مجموعی کارکردگی اور اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک منتقل کر دیا گیا ہے۔ جس کے باعث سبسڈی پروگرام کی ضرورت باقی نہیں رہی۔
اجلاس کے شرکاء نے وزیر اعظم کی منظوری سے فیول سبسڈی پروگرام کے خاتمے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ مستقبل میں عوامی فلاح کے منصوبوں کے لیے ڈیٹا کے نظام اور رقوم کی ترسیل کے طریقہ کار کو مزید مؤثر اور جدید بنایا جائے۔
کمیٹی نے پروگرام کے دوران حاصل ہونے والے تجربات کو دستاویزی شکل دینے، نظام میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرنے اور عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کے لیے اصلاحی اقدامات پر بھی زور دیا۔
مزید پڑھیں:ڈوپنگ ٹیسٹ سے انکار، سابق ومبلڈن چیمپئن پر 4 سال کی پابندی عائد
اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری پٹرولیم، سیکرٹری آئی ٹی، گورنر اسٹیٹ بینک، صوبائی حکومتوں کے نمائندوں سمیت گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔








