حکومت گردشی قرضہ میں 780 ارب روپے کمی لانے میں کامیاب رہی، 3 ڈسکوز کی نجکاری کا عمل شروع کردیا گیا، اویس لغاری
اسلام آباد، وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری (Awais Laghari)نے کہا ہے کہ حکومت بجلی کے شعبے میں اصلاحات کا عمل تیزی سے آگے بڑھا رہی ہے اور صارفین کو بہتر، شفاف اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے لیے متعدد اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مسابقتی بجلی مارکیٹ کے قیام کی جانب پیشرفت جاری ہے جبکہ نجکاری پروگرام کے پہلے مرحلے میں تین بجلی تقسیم کارکمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔
گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کے دوران اویس لغاری نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
لائن لاسز، مالی خسارے اور گردشی قرضے میں خاطر خواہ کمی آئی، جبکہ پاور سیکٹر کی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ حکومت گردشی قرضے میں تقریباً 780 ارب روپے کی کمی لانے میں کامیاب رہی ہے۔
قومی گرڈ کی ڈیجیٹائزیشن، ٹرانسمیشن نظام کی بہتری اور جدید میٹرنگ انفراسٹرکچر پر تیزی سے کام جاری ہے، جبکہ ملک بھر میں ایک کروڑ 60 لاکھ بجلی کے میٹروں کو مرحلہ وار ڈیجیٹل نظام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اے پی ایم ایس کے تحت ٹرانسفارمر کی سطح پر لوڈ مینجمنٹ کا جدید نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جس سے صارفین کو زیادہ سے زیادہ بلا تعطل بجلی فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
مزید پڑھیں:چیک باؤنس کیس، اداکارراج پال کو3 ماہ قید، کروڑوں روپے ادائیگی کا حکم
اس موقع پر گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاورسیکٹرمیں جاری اصلاحات، توانائی کے شعبے کی بہتری اور بجلی کی فراہمی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے حکومتی اقدامات قابلِ ستائش ہیں۔








