— چنائی :بھارت کے معروف اور سینئر تامل پلے بیک گلوکار کرشناراج راماسامی 75 برس کی عمر میں چنئی کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئے۔ ان کی ناگہانی وفات پر تامل فلمی صنعت، مداحوں اور سیاسی شخصیات کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرشناراج کو طبیعت خراب ہونے پر چنئی کے مقامی اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ان کی وفات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب تامل فلمی موسیقی کی دنیا کو حالیہ دنوں میں دیگر اہم شخصیات کی موت کا صدمہ بھی برداشت کرنا پڑا تھا، جن میں نامور موسیقار دیوا (17 اکتوبر) اور ان کے بھتیجے اداکار کارتھک سبیش (20 اکتوبر) شامل ہیں۔
ابتدائی زندگی میں کرشناراج نے موسیقی کے شعبے میں آنے سے قبل ویور (Weaver) کے طور پر کام کیا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے موسیقی کی باقاعدہ تربیت حاصل کی اور مختلف ساز بجانا بھی سیکھے۔ فلمی دنیا میں کام حاصل کرنے کی جدوجہد کے دوران وہ مختلف میوزیکل گروپس کے ساتھ گاتے رہے۔
انہیں اصل شہرت اور کامیابی 1990 کی دہائی میں ملی، جس کے بعد معروف موسیقار دیوا کے ساتھ ان کی جوڑی نے 2000 کی دہائی تک تامل سینما کو متعدد سدا بہار اور مقبول ترین گیت دیے۔
کرشناراج کے انتقال پر تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ وجے نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی موت کو تامل موسیقی کے لیے بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ دریں اثنا، نامور گلوکارہ انورادھا سری رام نے چنئی میں گلوکار کی رہائش گاہ جا کر سوگوار خاندان سے تعزیت کی، جبکہ اداکار سرتھ کمار نے کرشناراج کے ساتھ گزارے ہوئے دیرینہ وقت کو یاد کرتے ہوئے ان کی فنی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔









