نہر میں ڈوب کر 3 کمسن بچیاں(Young girls) جاں بحق ہوگئیں، جاں بحق ہونے والی بچیوں کی عمریں 11 سے 13 سال کے درمیان ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کشمور(kashmore) میں بخشاپور کے قریب نہر میں ڈوب کر 3 کمسن بچیاں جاں بحق ہو گئیں، ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ یہ افسوسناک واقعہ سندھ اور بلوچستان کی سرحدی پٹی پر واقع گاؤں نواز الدین جکھرانی میں پیش آیا، جہاں تینوں بچیاں گہرے پانی میں چلے جانے کے باعث زندگی کی بازی ہار گئیں۔
نہر سے نکالی جانے والی لاشوں کی شناخت ہو گئی ہے، جاں بحق ہونے والی بچیوں کی عمریں 11 سے 13 سال کے درمیان ہیں، جن میں 11 سالہ حضور بی بی ، 12 سالہ مکنی اور 13 سالہ بگھی شامل ہیں۔
مزیدپڑھیں:سرکاری ملازمین کی تاحیات پنشن کے حوالے سے بڑا فیصلہ
واقعے کے بعد نہر کے ارد گرد بڑی تعداد میں مقامی لوگ جمع ہو گئے، علاقے کے مکینوں نے کسی سرکاری امداد کا انتظار کیے بغیر اپنی مدد آپ کے تحت نہر میں سرچ آپریشن شروع کیا۔
تقریباً 2 گھنٹے کی کڑی تلاش اور محنت کے بعد تینوں معصوم بچیوں کی لاشوں کو پانی سے باہر نکال لیا گیا۔
مقامی انتظامیہ اور ریسکیو حکام نے گرمی کے موسم میں والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کو گہری نہروں اور دریاؤں کے کنارے اکیلا نہ چھوڑیں تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔








