بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایشین بوائز انڈر 18 والی بال چیمپئن شپ، پاکستان نے کرغیزستان کو شکست دیدی

پاکستان اپنا دوسرا گروپ میچ 13 جولائی کو قازقستان جبکہ تیسرا میچ 14 جولائی کو تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گا

چین کے شہر ہائیکو میں ایونٹ کے پہلے روز پاکستان نے ابتدا ہی سے کھیل پر مکمل گرفت برقرار رکھی اور 10-25، 19-25 اور 25-17 کےسیٹس اسکور سے کامیابی حاصل کر کے ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کیا۔

قومی ٹیم نے پہلے سیٹ میں مؤثر سروس، مضبوط بلاکنگ اور جارحانہ حملوں کے ذریعے حریف کو دباؤ میں رکھا اور باآسانی 25-10 سے کامیابی حاصل کی۔

دوسرے سیٹ میں کرغیزستان نے مزاحمت کی کوشش کی، تاہم پاکستان نے نظم و ضبط اور عمدہ ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے 25-19 سے برتری برقرار رکھی۔

تیسرے سیٹ میں بھی گرین شرٹس نے دفاع اور اٹیک دونوں شعبوں میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 25-17 سے کامیابی سمیٹ کر میچ 3-0 سے اپنے نام کر لیا۔

پاکستان کی جانب سے فہد علی، محمد انس، کپتان محمد عرفان، اسد اللہ اور فیضان اللہ نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

فہد علی کی جارحانہ اٹیکنگ، محمد انس کی مؤثر بلاکنگ، محمد عرفان کی قائدانہ صلاحیت، اسد اللہ کے مضبوط دفاع اور فیضان اللہ کے مؤثر حملوں نے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان انڈر 18 ٹیم کے ہیڈ کوچ کفایت اللہ نے فتح پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بڑے ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز ہمیشہ اہم ہوتا ہے۔

ان کے مطابق کھلاڑیوں نے گیم پلان پر مؤثر انداز میں عمل کیا، نظم و ضبط برقرار رکھا اور اعتماد کے ساتھ کھیل پیش کیا، تاہم ٹیم کی توجہ اب آئندہ میچوں پر مرکوز ہے کیونکہ قازقستان اور تھائی لینڈ مضبوط حریف ہیں۔

مزید پڑھیں:نیلم جہلم ہائیڈرو پاور کمپنی کو 29 ارب 41 کروڑ روپے سے زائد خسارے کا انکشاف

پاکستان اپنا دوسرا گروپ میچ 13 جولائی کو قازقستان جبکہ تیسرا میچ 14 جولائی کو تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گا، دونوں میچز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7:30 بجے شروع ہوں گے۔