بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آبنائے ہرمز، ایران کی بچھائی بارودی سرنگ سے 2 آئل ٹینکرز ٹکرا گئے، خوفناک دھماکے

تہران ،آبنائے ہرمز میں ایران کی بندش اور امریکی ناکہ بندی کے باعث حالات نہایت کشیدہ ہیں جس کے باعث عالمی منڈی میں تیل وگیس کی قیمتوں میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد دو آئل ٹینکروں میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اُٹھی۔

پاسدارانِ انقلاب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ تقریباً ایک گھنٹہ قبل امریکی انٹیلی جنس اداروں نے دھوکا دے کر آبنائے ہرمز کے جنوب میں موجود بارودی سرنگوں والے علاقے سے دو آئل ٹینکرز کو گزارنے کی کوشش کی جو سرنگوں سے ٹکرا گئی۔

ایران نے ان ٹینکروں کی شناخت ظاہر نہیں کی تاہم ملاحوں کو خبردار کیا کہ وہ اپنی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیے ہدایات پر عمل کریں اور بارودی سرنگوں والے علاقوں میں داخل نہ ہوں۔

دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مختصر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاسدارانِ انقلاب کے بیشتر دعوؤں کی طرح یہ دعویٰ بھی غلط ہے۔

پاسدارانِ انقلاب نے ایک علیحدہ بیان میں یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس نے میزائل اور ڈرون کی مشترکہ کارروائی کے دوران آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کرنے والے 4 جہازوں کو روک دیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ جہاز امریکی فوج کی حمایت سے خلاف ورزی کرتے ہوئے آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے جنھیں کارروائی کے دوران وہیں روک دیا گیا۔

یاد رہے کہ ایران نے گزشتہ ایک ہفتے سے عملاً آبنائے ہرمز میں آمد و رفت پر سخت پابندیاں عائد کرتے ہوئے تجارتی اور تیل بردار جہازوں کو چند ضروری ہدایات دی ہیں۔

جہازوں کو آبنائے ہرمز کے شمالی حصے میں ایرانی ساحل کے قریب موجود بحری راستہ استعمال کرنے کو کہا گیا ہے اور جنوبی راستوں سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جنھیں امریکا محفوظ بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ادھر امریکا نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کو لاحق خطرات کے جواب میں ایرانی بندرگاہوں پر بحری ناکہ بندی دوبارہ نافذ کر رکھی ہے۔

امریکی فوج گزشتہ کئی روز سے ایران کے اندر ایسے اہداف پر رات کے وقت فضائی حملے بھی کر رہی ہے جن کا مقصد ایران کی آبنائے ہرمز کی نگرانی اور وہاں جہاز رانی کو متاثر کرنے کی صلاحیت کو کمزور کرنا بتایا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں:چوری کرنیوالی گھریلو ملازمائیں گرفتار، مسروقہ بانڈز اور قیمتی اشیا برآمد

امریکی اور ایرانی دعووں کی آزاد ذرائع سے تاحال تصدیق نہیں ہوسکی جبکہ آبنائے ہرمز میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی توانائی منڈیوں اور بین الاقوامی بحری تجارت پر گہرے اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔