نیلامی کے پہلے روز مجموعی طور پر 13806.87 ملین روپے میں پلاٹس فروخت ہوئے، ڈالرمیں ادائیگی پر 5 فیصد رعایت دی جائے گی
کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی اسلام آباد میں کمرشل پلاٹس کے سہہ روزہ نیلام عام جاری جہاں پہلے روز بلیو ایریا میں ایک پلاٹ 9134.65 ملین روپے میں نیلام ہوا۔
چیئرمین نیلامی کمیٹی کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق نیلامی کے پہلے روز مجموعی طور پر 13806.87 ملین روپے میں پلاٹس فروخت ہوئے اور کمرشل پلاٹس کی سہ روزہ نیلامی 6 اگست تک جناح کنوینشن سینٹر میں جاری رہے گی۔
اسلام آباد میں نیلامی کے پہلے روز سیکٹر I-9 مرکز کا پلاٹ نمبر 2، جی ون، 529.575 ملین روپے، بلیو ایریا کا پلاٹ نمبر 18 9134.65 ملین روپے، بلیو ایریا کا ہی پلاٹ نمبر سی ون 3513.32 ملین روپے، سیکٹر G-6 آئی اینڈ ٹی، آبپارہ مارکیٹ کا پلاٹ نمبر دو 629.32 ملین روپے میں نیلام ہوا۔
اسی طرح نیلامی کے پہلے روز مجموعی طور پر چار پلاٹ 13806.87 ملین روپے کی مالیت میں فروخت ہوئے۔
چیئرمین نیلامی کمیٹی نے بتایا کہ نیلام عام میں وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ کے وژن کے مطابق کاروبار میں آسانیاں، تاجر برادری اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمرشل بلڈنگز میں پارکنگ کی گنجائش کا معیار 750 مربع فٹ سے بڑھا کر 1000 مربع فٹ کر دیا گیا، اس فیصلے کا اطلاق جاری آکشن اور مستقبل میں ہونے والی تمام اوپن نیلامی پر ہوگا، سہ روزہ نیلامی میں مختلف کٹیگریز کے کمرشل پلاٹس سرمایہ کاری کے لیے پیش کیے جارہے ہیں جس میں کثیر تعداد میں سرمایہ کاروں اور بزنس کمیونٹی نے شرکت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ نیلامی میں مختلف مراکز، E-11 ناردرن سٹرپ، ایگرو فارمز سمیت پیٹرول پمپ کے پلاٹس نیلامی کے لیے پیش کیے جا رہے ہیں، کمرشل پلاٹس کی نیلامی میں بلیو ایریا پارکنگ پلازہ کی تعمیر شدہ دکانیں بھی شامل ہیں۔
چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ کمرشل پلاٹس پر امریکی ڈالر میں ادائیگی پر اضافی 5 فیصد رعایت دی جائے گی، کمرشل پلاٹس کی بولی کی منظوری کے 30 دنوں کے اندر یکمشت ادائیگی پر بھی 5 فیصد رعایت ہوگی، پہلی 25 فیصد ادائیگی کے بعد بلڈنگ پلان کی منظوری کی سہولت اور 75 فیصد ادائیگی پر پلاٹ کا قبضہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔
مزید پڑھیں:ڈیزل آج 4 روپے 7 پیسے جبکہ پیٹرول 3 روپے 39 پیسے سستا ہونےکا امکان
انہوں نے کہا کہ موصول ہونے والی بولیوں کو مکمل جانچ پڑتال کے بعد سی ڈی اے بورڈ کے سامنے پیش کیا جائے گا جو بولیوں کو منظور یا مسترد کرنے کا مجاز فورم ہے، سی ڈی اے شہری سہولیات میں بہتری، انفرا اسٹرکچر کی ڈیولپمنٹ اور شہر کی تعمیر و ترقی کو فروغ دینے کے لیے انتہائی پرعزم ہے۔









