آبنائے ہرمز سے متعلق بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل(Crude Oil) کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً ایک فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 83.29 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل بھی اضافے کے ساتھ 77.93 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا۔
رپورٹس کے مطابق ایران، عمان کے ساتھ مل کر آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کے لیے نئے قواعد پر غور کر رہا ہے ،قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے جہازوں پر کارگو کی مالیت کا 20 فیصد تک جرمانہ بھی تجویز کیا گیا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ان مجوزہ اقدامات نے عالمی توانائی منڈی میں خدشات کو بڑھا دیا ہے کیونکہ آبنائے ہرمز دنیا کی تیل اور مائع قدرتی گیس (LNG) کی ترسیل کے لیے اہم ترین بحری راستوں میں شمار ہوتی ہے۔
مزیدپڑھیں:تحریک انصاف نے بلاول بھٹو کی پیشکش مسترد کر دی
ادھر ایران اور عمان کے درمیان ممکنہ ٹرانزٹ معاہدے پر بھی بات چیت جاری ہے، تاہم صنعت سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی پابندیوں اور انشورنس سے متعلق پیچیدگیوں کے باعث کسی بھی معاہدے پر عمل درآمد آسان نہیں ہوگا۔
دوسری جانب یمن کے حوثی گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے مارب اور حضرموت میں سعودی تنصیبات کو میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا ہے، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ جلد اپنے اختتام کو پہنچ سکتی ہے۔









