پاکستانی اداکارہ نادیہ افغان(Nadia Afgan) نے جانوروں، خصوصاً آوارہ کتوں کے خلاف تشدد کی مخالفت کرتے ہوئے بچوں کو جانوروں کے ساتھ محبت اور رحم دلی کا رویہ اپنانے کی تربیت دینے پر زور دیا ہے۔
ایک گفتگو کے دوران نادیہ افغان نے کہا کہ معاشرے میں کتوں کو مارنے کا رجحان بچوں پر بھی منفی اثرات مرتب کرتا ہے اور انہیں یہ پیغام ملتا ہے کہ ہر مسئلے کا حل تشدد ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ سڑکیں بچوں اور جانوروں سمیت کسی کے لیے بھی مکمل طور پر محفوظ نہیں، تاہم آوارہ کتوں کو مارنے کے بجائے ان کی ویکسینیشن، خوراک اور دیکھ بھال کے ذریعے صورتحال کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
نادیہ افغان نے کہا کہ کتوں کو زہر دے کر یا گولیاں مار کر ختم کرنے کے بجائے انہیں ویکسین لگائی جائے تو نہ صرف بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے بلکہ سڑکوں کو بھی زیادہ محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔
مزیدپڑھیں:چینی شخص کی زندہ مینڈک ڈرنک کی ویڈیو وائرل، صارفین حیران
انہوں نے اپنے بچپن کی یادیں شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے گھر میں بھی ایک کتا تھا، ان کی والدہ کو جانوروں کو بچانے اور ان کی دیکھ بھال کا شوق تھا، جو انہیں اپنی والدہ کی جانب سے نانی سے ورثے میں ملا تھا۔
نادیہ افغان نے اس بات پر زور دیا کہ بچوں کی تربیت میں جانوروں کے ساتھ حسنِ سلوک اور رحم دلی کو شامل کیا جانا چاہیے تاکہ معاشرے میں تشدد کے بجائے ہمدردی اور ذمہ داری کا رویہ فروغ پا سکے۔









