اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری سے اٹلی اور جنوبی کوریا کے نامزد سفیروں نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی اور اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔ صدر مملکت نے دونوں سفیروں کو تقرری پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اٹلی کے نامزد سفیر سے ملاقات میں صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مسلسل مضبوط ہورہے ہیں جبکہ دوطرفہ تجارت ایک ارب ڈالر سے تجاوز کرچکی ہے۔
صدر مملکت نے سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا شرائط ختم کرنے کے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان عوامی اور سفارتی روابط مزید فروغ پائیں گے۔
آصف علی زرداری نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی غیر مستقل نشست کے لیے پاکستان کی حمایت پر اٹلی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اٹلی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان مضبوط پل کا کردار ادا کررہی ہے۔
صدر نے تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مزید اقدامات پر بھی زور دیا۔
جنوبی کوریا کے نامزد سفیر سے ملاقات میں صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان جنوبی کوریا کے ساتھ اپنے کثیرالجہتی تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
صدر مملکت نے بتایا کہ پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان تجارت اور جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے پر مذاکرات جاری ہیں، جنہیں مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ماحولیاتی تبدیلی، ترقی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں جنوبی کوریا کے تعاون کو سراہا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان جہاز سازی، جدید ٹیکنالوجی اور معاشی ترقی کے شعبوں میں جنوبی کوریا کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔
ملاقات کے دوران اٹلی اور جنوبی کوریا کے نامزد سفیروں نے بھی پاکستان کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔









