بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان دنیا میں مضبوط، پُرعزم، باوقار اور امن کی توانا آواز ہے: شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے گزشتہ ڈھائی سال کے دوران نہایت مشکل مراحل عبور کرتے ہوئے مستحکم معیشت کا ہدف حاصل کیا ہے اور پاکستان اب ترقی یافتہ معیشت کی منزل کی جانب کامیابی سے گامزن ہے۔

یومِ آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی آزادی کے 79 سال مکمل ہونے پر وہ پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ آج کا دن تحریک آزادی کے قائدین، رہنماؤں اور کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بھی دن ہے، جن کی جدوجہد اور قربانیوں کے نتیجے میں برصغیر کے مسلمانوں کے لیے آزاد وطن کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی مدبرانہ قیادت اور ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان ایک آزاد مملکت کے طور پر دنیا کے نقشے پر ابھرا۔ تحریک آزادی کے رہنماؤں کی ولولہ انگیز سیاسی جدوجہد نے مسلمانان ہند کو ایک آزاد وطن کے حصول کے مقصد پر متحد کیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے آزادی کے لیے قربانیوں، صعوبتوں اور تکالیف کی ایک طویل داستان رقم کی اور بالآخر ان کی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔ ہمیں ایسی سرزمین نصیب ہوئی جہاں ہم ایک آزاد قوم کی حیثیت سے عزت و وقار، دینی تعلیمات اور اپنی تہذیبی اقدار کے مطابق زندگی گزار سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی تعلیمات اور بابائے قوم کے نظریات کی روشنی میں تمام شہریوں کو بلا تفریق رنگ و نسل مکمل آزادی کی ضمانت فراہم کرتا ہے، جبکہ آئین اور قوانین پاکستان کے تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کے ضامن ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا سفر ایک تابناک مستقبل کی جانب جاری ہے۔ حکومت نے گزشتہ ڈھائی سال کے دوران مشکل مراحل عبور کرکے معیشت کو استحکام کی جانب گامزن کیا ہے اور اب ملک ترقی یافتہ معیشت کی منزل کی طرف بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برس کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر میں 11.3 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، جو ملکی معیشت کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مسلح افواج کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج نے دشمن کے ہر وار کا بھرپور جواب دیتے ہوئے مادر وطن کے دفاع کو ناقابل تسخیر ثابت کیا ہے۔ پوری قوم اپنی مسلح افواج پر فخر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں مسلح افواج نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں اتحاد، عزم اور بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان اپنے دفاع، آبی وسائل اور دیگر قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج پاکستان اقوام عالم میں ایک مضبوط، پُرعزم، باوقار اور  امن کی توانا آواز کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔ خطے کی مشکل اور چیلنجنگ صورتحال میں پاکستان ایک ذمہ دار ملک اور علاقائی استحکام کے ضامن کے طور پر ابھرا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان امن، استحکام اور علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے تعمیری کردار ادا کر رہا ہے اور حکومت ملک کو مزید مضبوط، خوشحال اور مستحکم بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔