راولپنڈی: تھانہ ٹیکسلا کے علاقے میں مشہور ٹک ٹاکر شمسو بی بی عرف عائشہ کے قتل کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی۔پولیس کے مطابق شمسو بی بی کو گزشتہ روز فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔ سامنے آنے والی سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کی۔فائرنگ کے نتیجے میں شمسو بی بی کو گردن میں گولی لگی، جبکہ گاڑی ڈمپر سے جا ٹکرائی جس کے باعث ان کی 15 سالہ بہن بھی زخمی ہوگئی۔
CCTV footage shows the incident in which famous TikToker Ayesha Gilmena and her driver were killed.
The female TikToker was shot dead by unidentified assailants in Taxila. Police have launched an investigation, while sources say the attackers’ identities and motives remain… pic.twitter.com/uIbvLpGQX5
— Photo News (@PhotoNewsPk) August 15, 2026
پولیس کے مطابق مقتولہ گزشتہ تقریباً 4 سال سے ٹک ٹاک پر سرگرم تھیں اور ان کے اکاؤنٹ پر تقریباً 13 لاکھ فالوورز تھے۔ایف آئی آر کے مطابق شمسو بی بی کو کاشف کاشی نامی شخص نے فون کرکے بلایا تھا، جس کے بعد وہ اپنی بہن اور بھائی کے ہمراہ گاڑی میں گھر سے روانہ ہوئی تھیں۔
ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ شمسو بی بی کا کوثر اور جاوید عرف شاہین کے ساتھ لین دین کا تنازع تھا اور وہ مبینہ دھمکیوں سے اہلخانہ کو متعدد بار آگاہ کرچکی تھیں۔پولیس کے مطابق مقتولہ کے والد کی درخواست پر ٹیکسلا تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں الزام ہے کہ ملزمان نے رقم ہڑپ کرنے کی غرض سے شمسو بی بی کو خود یا نامعلوم ساتھیوں کے ذریعے قتل کروایا۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور سی سی ٹی وی ویڈیو کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کی کوشش کی جارہی ہے۔









