بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ملک بھر میں آٹا مزید مہنگا، 20 کلو کا تھیلا 3093 روپے میں فروخت ہونے لگا

اسلام آباد: ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت مختلف شہروں میں 100 روپے تک بڑھ گئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق اسلام آباد میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3 ہزار 133 روپے 33 پیسے کی اوسط قیمت کے ساتھ ملک میں سب سے مہنگا فروخت ہو رہا ہے، جبکہ راولپنڈی میں اس کی قیمت 3 ہزار 93 روپے 33 پیسے تک پہنچ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق خضدار میں آٹے کا 20 کلو تھیلا ایک ہفتے میں 100 روپے، بہاولپور میں 60 روپے، حیدرآباد میں 40 روپے جبکہ لاڑکانہ اور کوئٹہ میں 20، 20 روپے مہنگا ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2 ہزار 700 روپے، بنوں میں 2 ہزار 900 روپے اور پشاور میں 3 ہزار 100 روپے تک پہنچ چکی ہے۔

کراچی میں یہی آٹے کا تھیلا 3 ہزار روپے جبکہ لاہور میں 2 ہزار 300 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، ملتان اور بہاولپور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا تقریباً 2 ہزار 800 روپے میں دستیاب ہے، جبکہ سکھر میں 2 ہزار 580 اور لاڑکانہ میں 2 ہزار 620 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں:میررضا قتل کیس: سندھ کابینہ سے جوڈیشل کمیشن کے قیام کی منظوری، ورثاء سے مسترد 

آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے عوام، خصوصاً غریب اور متوسط طبقے کے گھریلو بجٹ پر مزید دباؤ بڑھ گیا ہے۔