پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم(Babar Azam) نے اپنی فٹنس کے حوالے سے اہم اپ ڈیٹ دیتے ہوئے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ سے قبل وہ ہاتھ کی انجری سے 90 فیصد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
پری میچ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بابر اعظم نے بتایا کہ انہوں نے گزشتہ روز دو پریکٹس سیشنز میں حصہ لیا اور پریس کانفرنس کے بعد بھی ایک اور ٹریننگ سیشن میں شرکت کرنا تھی۔ انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ مکمل میچ فٹنس کے قریب پہنچ چکے ہیں۔
بابر اعظم نے کہاکہ ’ہاں، کل میں نے 2 ٹریننگ سیشنز کیے تھے اور اب اس کے بعد دوبارہ پریکٹس سیشن کے لیے جا رہا ہوں۔ میں 90 فیصد فٹ ہوں، کل کے میچ اور باقی سیریز کے لیے فٹ ہوں۔‘
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ 27 سے 31 اگست تک لارڈز میں کھیلا جائےگا۔
مزیدپڑھیں:پختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 11 دہشتگرد ہلاک
واضح رہے کہ بابر اعظم نے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں شرکت نہیں کی تھی۔ انہیں رواں ماہ کے آغاز میں بیکنہم میں پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون کے خلاف 3 روزہ پریکٹس میچ کے دوران ہاتھ پر گیند لگنے سے انجری کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
یہ واقعہ پاکستان کی پہلی اننگز کے 39ویں اوور میں پیش آیا، جب فاسٹ بولر مینی لمسڈن کی تیز گیند بابر اعظم کی انگلی پر لگی۔
گیند لگنے کے فوراً بعد بابر اعظم تکلیف میں دکھائی دیے، انہوں نے اپنا بیٹ چھوڑ دیا اور طبی عملے نے انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ اس کے بعد وہ میدان سے باہر چلے گئے۔ بابر اعظم نے اس وقت 17 گیندوں پر 5 رنز بنائے تھے۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ایک ماہ کے دوران بابر اعظم کے ہاتھ پر گیند لگنے کا یہ دوسرا واقعہ تھا۔ اس سے قبل پاکستان کی ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران بھی انہیں ہاتھ پر گیند لگی تھی۔
بعد ازاں پاکستان کرکٹ بورڈ نے بتایا تھا کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر بورڈ کی میڈیکل ٹیم نے بابر اعظم کو پریکٹس میچ کے بقیہ حصے میں شرکت نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔









