دبئی / ابوظہبی :متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں سال 2027 کے اسلامی تہواروں اور مقدس ایام کے حوالے سے بین الاقوامی فلکیاتی اداروں اور ماہرینِ فلکیات نے ابتدائی پیشگوئیاں اور سائنسی حساب کتاب جاری کر دیا ہے۔ انٹرنیشنل ایسٹرونومیکل سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق، متحدہ عرب امارات کے رہائشی سال 2027 کے رمضان المبارک کا پہلا روزہ پیر 8 فروری 2027 کو رکھنے کی توقع کر سکتے ہیں۔
سائنس دانوں کے مطابق، رمضان 1448 ہجری کا چاند (اقتران) ہفتہ 6 فروری 2027 کو عالمی وقت کے مطابق شام 15:56 بجے پیدا ہوگا۔6 اور7 فروری کی شاموں کو چاند کو دیکھنےکے سائنسی تجزیے کے بعد پیشگی تیار کردہ ہجری کیلنڈر میں8 فروری کو1448 ہجری کا پہلا دن مقرر کیا گیا ہے۔ اگر امارات کا سرکاری مذہبی کیلنڈر ان فلکیاتی تخمینوں کی توثیق کرتا ہے تو تمام مسلمان رہائشی 8 فروری کی صبحِ صادق سے روزوں کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔
چونکہ قمری کیلنڈر کے تمام مہینے 29 یا 30 ایام پر مشتمل ہوتے ہیں، اس لیے کاروباری ادارے، ایوی ایشن انڈسٹری، ریٹیل اور ہاسپیٹلٹی سیکٹر 8 فروری کو بنیادی تاریخ مان کر اپنے ورک فورس شیڈول، کام کے اوقات اور سالانہ تعطیلات کا فریم ورک تیار کر سکتے ہیں۔ تاہم حتمی منظوری رمضان المبارک کی آمد کے قریب اماراتی رویتِ ہلال کمیٹی کے ذریعے ہی دی جائے گی۔
عید الفطر کی آمد کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ رمضان المبارک کا مہینہ 29 ایام پر ختم ہوتا ہے یا 30 ایام پر۔ فلکیاتی مرکز کے مطابق شوال کا چاند پیر 8 مارچ 2027 کو صبح 09: 29 UTC پر بنے گا، جبکہ 8 اور 9 مارچ کی شام کو چاند کی نظر آنے کی سائنسی جانچ کی جائے گی۔
اگر 29 ویں روزے (8 مارچ) کی شام شوال کا چاند کامیابی سے دیکھ لیا جاتا ہے، تو عید الفطر کا پہلا دن منگل 9 مارچ 2027 کو ہوگا۔
اگر چاند نظر نہ آیا اور رمضان کے 30 ایام پورے ہوئے، تو عید الفطر بدھ 10 مارچ 2027 کو منائی جائے گی۔
ماہِ ذوالحجہ 1448 ہجری کا اقتران جمعرات 6 مئی کو 10: 59 UTC پر ہوگا، جس کے بعد 6 اور 7 مئی کو چاند کی رویت کا جائزہ لیا جائے گا۔ موجودہ پیشگوئیوں کے مطابق ماہِ ذوالحجہ کا آغاز 7 مئی یا 8 مئی کو ہوگا، جس کے نتیجے میں فریضۂ حج کا اہم رکن یومِ عرفہ(9 ذوالحجہ) 15 مئی یا 16 مئی کو آنے کا امکان ہے۔
اس حساب سے عید الاضحیٰ (10 ذوالحجہ) اتوار 16 مئی یا پیر 17 مئی 2027 کو ہونے کی توقع ہے۔









