بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نادرا نے پاک آئیڈینٹیٹی ایپ کا نیا ورژن لانچ کردیا، کئی نئی سہولیات شامل

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (Nadra) نے پاک آئیڈینٹیٹی موبائل ایپ کا نیا ورژن 5.7.4 جاری کردیا ہے، جس میں شہریوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے متعدد نئی سہولیات متعارف کرائی گئی ہیں۔

نادرا کے ترجمان سید شباہت علی نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ نئے ورژن میں ایف آئی اے کو آن لائن شکایت درج کرانے، خاندانی ریکارڈ میں درستگی، دستخط اپ لوڈ کرنے اور ڈیجیٹل شناختی دستاویزات سمیت کئی اہم فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔

ایف آئی اے کو آن لائن شکایت کی سہولت

نئے ورژن میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے متعلق ایک الگ سیکشن بھی شامل کیا گیا ہے۔ نادرا کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے ضروری انتظامات مکمل ہونے کے بعد شہری پاک آئیڈینٹیٹی ایپ کے ذریعے اپنی شکایات آن لائن درج کرا سکیں گے۔شہری اپنی شکایت کی پیش رفت بھی ایپ کے ذریعے ٹریک کرسکیں گے، جس سے انہیں شکایت درج کرانے کے لیے ایف آئی اے کے متعلقہ دفتر یا اسٹیشن جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

فیملی ریکارڈ کی درستگی مزید آسان

نادرا کو فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (FRC) کے حصول اور خاندانی ریکارڈ میں افراد کے نام موجود نہ ہونے سے متعلق شہریوں کی شکایات موصول ہوتی رہی ہیں۔نئے ورژن میں ایسے افراد کو فیملی ڈیٹا میں شامل کرنے کا عمل آسان کردیا گیا ہے جن کا نام خاندانی فہرست میں موجود نہیں۔ اگر متعلقہ فرد کا شناختی کارڈ بنا ہوا ہے تو پاک آئیڈینٹیٹی ایپ کے ذریعے اسے فیملی ریکارڈ میں شامل کرنے کے لیے درخواست دی جاسکتی ہے۔

مزیدپڑھیں:ہونڈا نے نئی ‘سی جی 125’ بائیک لانچ کردی، خاصیت اور قیمت کیا ہے؟

ضروری معلومات اور دستاویزات کی جانچ کے بعد درخواست منظور ہونے کی صورت میں متعلقہ فرد کو فیملی کمپوزیشن میں شامل کرلیا جائے گا۔ اس کے بعد شہری نئے ریکارڈ کے مطابق ایف آر سی دوبارہ حاصل کرسکے گا اگر متعلقہ فرد کا شناختی کارڈ نہیں بنا تو اس کا نام ایف آر سی میں شامل کیا جاسکتا ہے، تاہم ایسی شمولیت صرف اسی ایف آر سی تک محدود ہوگی اور نادرا کے مستقل فیملی ریکارڈ کا حصہ نہیں بنے گی۔

دستخط اپ لوڈ کرنے کا نیا فیچر

پاک آئیڈینٹیٹی ایپ میں دستخط اپ لوڈ کرنے کے عمل کو بھی بہتر بنایا گیا ہے۔ نئے ورژن میں آسپیکٹ ریشو کراپنگ کی سہولت شامل کی گئی ہے۔اب اگر دستخط تصویر کے درمیان نہ ہوں یا ان کا سائز بہت چھوٹا ہو تو ایپ خودکار طور پر دستخط کو فوکس کرکے کراپ کرے گی، جس سے دستخط کے درست طریقے سے اپ لوڈ ہونے میں آسانی ہوگی۔

جانشینی سرٹیفکیٹ کی تصدیق

پاک آئیڈینٹیٹی ایپ میں پہلے سے دستیاب سہولیات میں جانشینی سرٹیفکیٹ کی تصدیق کا فیچر بھی شامل ہے۔ شہری ایپ کے ذریعے سکسیشن سرٹیفکیٹ یا لیٹر آف ایڈمنسٹریشن کی تصدیق کرسکتے ہیں۔اس کے لیے ایپ کے ہوم پیج پر موجود جانشینی سرٹیفکیٹ کی تصدیق کے آپشن کو استعمال کیا جاسکتا ہے۔ نادرا کے مطابق یہ عمل چند منٹ میں مکمل کیا جاسکتا ہے، جبکہ طریقہ کار کی تفصیلی ویڈیو بھی نادرا کے یوٹیوب چینل پر دستیاب ہے۔

بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے ڈیجیٹل شناخت

نئے ورژن میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی اہم سہولت متعارف کرائی گئی ہے۔ اب شناختی کارڈ، نائیکو یا پاکستان اوریجن کارڈ کی درخواست منظور ہونے اور دستاویز کی پرنٹنگ و تصدیق مکمل ہونے کے بعد اس کی ڈیجیٹل شکل پاک آئیڈینٹیٹی ایپ میں دستیاب ہوگی۔نادرا کے مطابق حکومت پاکستان کے ڈیجیٹل قوانین کے تحت ایپ میں موجود ڈیجیٹل ریکارڈ اور ڈیجیٹل آئی ڈی کو متعلقہ شناختی دستاویز کے مساوی قانونی حیثیت حاصل ہے۔

یہ سہولت پاکستان اور بیرون ملک سے جمع کرائی گئی درخواستوں، دونوں کے لیے دستیاب ہوگی۔ نادرا نے متعلقہ اداروں کو بھی ڈیجیٹل شناختی دستاویزات کی قانونی حیثیت اور ان کے استعمال سے آگاہ کردیا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر شناخت کی تصدیق کے لیے انہیں قبول کیا جاسکے ،نادرا کے مطابق پاک آئیڈینٹیٹی ایپ کے نئے ورژن کا مقصد شہریوں کے لیے شناختی خدمات کو مزید آسان، تیز اور ڈیجیٹل بنانا ہے۔