بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں، وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

وزیراعظم شہباز شریف(Shehbaz Sharif) نے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ اور انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے ملک کے امن و استحکام کے خلاف دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ایک بار پھر ناکام بنا دیا ہے۔ پوری قوم کو اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر ہے، جو ملک کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے مسلسل جانفشانی سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ قوم کے اتحاد اور سیکیورٹی اداروں کے عزم کے باعث دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

مزیدپڑھیں:مصری ٹی وی میزبان سارہ خلیفہ سمیت 12 افراد کو منشیات کیس میں سزائے موت

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی سرزمین سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے تحت کارروائیاں بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ریاست دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک دشمن عناصر کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔