پاکستان(Pakistan) میں12 نئے صوبوں کے قیام کی بحث ایک بار پھر شدت اختیار کرنے لگی ہے، حکومت کی جانب سے اس مقصد کے لیے ریفرنڈم کے انعقاد کے آپشن پر غور کیے جانے کی اطلاعات ہیں، جبکہ سینیٹ انتخابات سے قبل اس معاملے کو آگے بڑھانے کی کوشش متوقع ہے۔
سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں کے مطابق نئے صوبوں کے قیام کے لیے سیاسی اتفاق رائے پیدا کرنا اور آئینی تقاضے پورے کرنا حکومت کے لیے کڑا امتحان ثابت ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے نئے صوبوں کے قیام پر آمادگی کے اشارے تو سامنے آ رہے ہیں، تاہم نواز شریف اور شہباز شریف کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی واضح اور دوٹوک مؤقف سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی انتظامی یونٹس کے قیام کی حمایت تو کرتی دکھائی دیتی ہے، لیکن نئے صوبوں کی تشکیل کے معاملے پر اس کا مؤقف اب بھی محتاط ہے۔
ایسے میں سوال یہ ہے کہ اگر پیپلز پارٹی حمایت نہیں کرتی تو حکومت کے پاس کیا آپشنز ہوں گے؟ کیا تحریک انصاف کی حمایت حاصل کی جا سکتی ہے یا حکومت کو دیگر سیاسی جماعتوں اور ارکان کی حمایت سے پارلیمانی اکثریت پوری کرنا ہوگی؟
سیاسی تجزیہ کار ضیغم خان نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ریفرنڈم آئینی طریقہ کار ضرور ہے، لیکن اس کے ذریعے براہ راست نئے صوبے قائم نہیں کیے جا سکتے۔
ریفرنڈم عوامی رائے اور سیاسی دباؤ پیدا کرنے کا ذریعہ بن سکتا ہے، تاہم آئین میں درج طریقہ کار کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
ان کے مطابق نئے صوبوں کے قیام کے لیے وفاقی حکومت، قومی اسمبلی، سینیٹ اور متعلقہ صوبائی اسمبلیوں کی حمایت ضروری ہوگی۔
بالخصوص جس صوبے کی تقسیم مقصود ہو، وہاں کی صوبائی اسمبلی اور اکثریتی سیاسی جماعت کی حمایت کے بغیر پیشرفت ممکن نہیں ہوگی۔
ضیغم خان کا کہنا ہے کہ اگر پیپلز پارٹی اس معاملے کی حمایت نہیں کرتی تو پاکستان تحریک انصاف کی حمایت ایک ممکنہ آپشن کے طور پر زیر بحث آ سکتی ہے، تاہم موجودہ سیاسی حالات میں پی ٹی آئی کی حمایت حاصل کرنا آسان نہیں ہوگا۔
ایسی صورت میں حکومتی اتحاد کو سیاسی مفاہمت کا راستہ اختیار کرنا پڑے گا۔ عمران خان کی رہائی اور پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کسی ممکنہ ڈیل یا سیاسی بارگیننگ سے متعلق خبریں بھی گردش کر رہی ہیں، تاہم ان اطلاعات کی تاحال کوئی حتمی تصدیق نہیں ہوئی۔
مزیدپڑھیں:ٹیسلا نے سائبرکیب کی نجی فروخت شروع کردی، قیمت کتنی ہے؟
دوسری جانب تجزیہ کار فخر درانی کے مطابق ریفرنڈم نئے صوبوں کے قیام کے لیے کوئی حتمی قانونی راستہ نہیں بلکہ عوامی رائے جانچنے کا ذریعہ ہے۔
آئین کے متعلقہ آرٹیکلز اور دو تہائی اکثریت کی شرط اپنی جگہ برقرار رہے گی اور ریفرنڈم کے ذریعے آئینی ترمیم کی ضرورت ختم نہیں کی جا سکتی۔
ان کے مطابق پیپلز پارٹی کے لیے صوبوں کی تقسیم کی سیاست کی حمایت کرنا بھی آسان فیصلہ نہیں ہوگا، کیونکہ اس کے سیاسی اثرات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
فخر درانی کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے عوامی حمایت اور آگاہی بھی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ کالا باغ ڈیم اور نہروں کے معاملے کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں کہ جب کسی بڑے قومی منصوبے پر صوبوں اور عوام کے تحفظات سامنے آتے ہیں تو وہ کس طرح متنازع شکل اختیار کر سکتا ہے۔
ان کے مطابق ریاستی پالیسی اس معاملے پر واضح ہونی چاہیے اور وسیع تر عوامی اتفاق رائے کے بغیر نئے صوبوں کی تشکیل کا عمل مشکلات سے دوچار ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئینی طور پر بھی یہ معاملہ اتنا سادہ نہیں۔ آئین کے آرٹیکل 48(6) کے تحت ریفرنڈم کے لیے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی منظوری درکار ہوتی ہے، جبکہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئینی ترمیم کا مرحلہ الگ ہے۔
آرٹیکل 239 کے تحت آئینی ترمیم کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں الگ الگ دو تہائی اکثریت ضروری ہے، جبکہ کسی صوبے کی حدود تبدیل کرنے کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی کل رکنیت کی دو تہائی اکثریت سے منظوری بھی لازمی ہے۔
یوں نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ محض ریفرنڈم تک محدود نہیں بلکہ اس کے ساتھ پارلیمانی اکثریت، صوبائی حمایت، آئینی ترمیم اور سیاسی اتفاق رائے جیسے کئی مراحل جڑے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب دیکھنا یہ ہے کہ حکومت سینیٹ انتخابات سے پہلے اس معاملے پر کوئی عملی پیشرفت کر پاتی ہے یا سیاسی جماعتوں کے اختلافات اور آئینی پیچیدگیاں نئے صوبوں کے قیام کی راہ میں رکاوٹ بنی رہتی ہیں۔
سینیئر تجزیہ کار مجیب الرحمان شامی کے مطابق نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ بالآخر پارلیمنٹ نے ہی کرنا ہے اور اگر پارلیمنٹ میں مطلوبہ اکثریت حاصل ہو جائے تو اس معاملے پر پیشرفت ممکن ہے۔
تاہم ان کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے بھی تاحال اس معاملے پر کوئی واضح اور حتمی اعلان سامنے نہیں آیا، جبکہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے سیاسی جماعتوں اور متعلقہ صوبوں کی اکثریتی حمایت حاصل کرنا بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر ریفرنڈم کے لیے پارلیمنٹ میں قرارداد منظور ہو جاتی ہے اور عوامی رائے بھی نئے صوبوں کے حق میں آتی ہے تو اس کے بعد پارلیمنٹ کے اختیارات اور ریفرنڈم کے نتائج کی قانونی حیثیت پر ایک نیا آئینی سوال پیدا ہوگا۔
بعض قانونی ماہرین کی رائے ہے کہ ریفرنڈم کے بعد براہ راست صوبوں کے قیام کی راہ ہموار ہو سکتی ہے، تاہم آئین کی تحریری دفعات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
مجیب الرحمن شامی کے مطابق نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئینی ترمیم اور آئین میں درج قانونی تقاضوں کی تکمیل بھی ضروری ہوگی۔ یہی وجہ ہے کہ یہ معاملہ بظاہر اتنا آسان نہیں جتنا سیاسی بیانات میں دکھائی دیتا ہے۔
ان کے نزدیک فی الحال اس پورے عمل میں کسی ہموار پیشرفت کے امکانات واضح نہیں، کیونکہ اس کے لیے پارلیمانی اکثریت کے ساتھ متعلقہ صوبوں کی حمایت اور وسیع سیاسی اتفاق رائے بھی درکار ہوگا۔
حکومت کے پاس ریفرنڈم کا قانونی اور پارلیمانی روڈ میپ کیا ہے؟
سیاسی تجزیہ کار ماجد نظامی کے مطابق 12 صوبوں کے قیام، ریفرنڈم کے طریقہ کار اور اس سے متعلق قانون سازی کے حوالے سے تاحال کوئی واضح حکومتی مسودہ سامنے نہیں آیا۔
ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ آئینی ترمیم کے دوران وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا یہ بیان بھی سامنے آیا تھا کہ انہیں خود مسودے کا انتظار ہے۔ موجودہ صورتحال میں بھی حکومت سمیت تمام سیاسی حلقے کسی واضح مسودے اور حکمت عملی کے منتظر دکھائی دیتے ہیں۔
ان کے مطابق اگر حکومت ریفرنڈم کے آپشن کی طرف جاتی ہے تو اس سے یہ سوال پیدا ہوگا کہ آیا متعلقہ اسمبلیوں سے قراردادیں منظور کروانے میں مشکلات درپیش ہیں؟ کیونکہ اگر صوبائی اسمبلیوں میں مطلوبہ حمایت حاصل نہیں ہوتی تو حکومت کے لیے ریفرنڈم کے ذریعے عوامی رائے حاصل کرنے کا راستہ سیاسی طور پر زیر غور آ سکتا ہے۔
تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کی نمبر گیم بھی اہمیت اختیار کر سکتی ہے۔ حکومت کے سامنے بنیادی سوال یہ ہوگا کہ اگر پیپلز پارٹی حمایت نہیں کرتی تو تحریک انصاف یا دیگر سیاسی جماعتوں میں سے کون سی جماعت اس معاملے میں قابل قبول پارلیمانی حمایت فراہم کر سکتی ہے؟
ان کے مطابق پیپلز پارٹی کی حمایت حاصل نہ ہونے کی صورت میں حکومتی حلقوں میں دیگر جماعتوں کے ارکان کی حمایت حاصل کرنے اور پارلیمانی اکثریت پوری کرنے کے امکانات پر غور کیا جا سکتا ہے۔
ماضی کی آئینی ترامیم میں ارکان کی سیاسی وفاداریوں اور حمایت کے حوالے سے سامنے آنے والے واقعات بھی اس بحث کو اہم بناتے ہیں۔
یوں نئے صوبوں کا معاملہ صرف عوامی ریفرنڈم یا انتظامی تقسیم تک محدود نہیں رہا بلکہ اس کے ساتھ پارلیمانی اکثریت، سیاسی اتحاد، آئینی قانون سازی اور ممکنہ سیاسی مفاہمت کے کئی سوالات بھی جڑ گئے ہیں۔
اسٹیبلشمنٹ نئے صوبے کے معاملے کو آئندہ انتخابات سے قبل نمٹانا چاہتی ہے
دوسری جانب سیاسی تجزیہ کار احمد ولید کے مطابق موجودہ سیاسی صورتحال سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نئے صوبوں کے معاملے کو آئندہ انتخابات سے قبل کسی نتیجے تک پہنچانا چاہتی ہے، جبکہ سیاسی جماعتوں پر بھی اس حوالے سے دباؤ بڑھتا دکھائی دے رہا ہے۔
احمد ولید کے مطابق مسلم لیگ ن کے بعض رہنما نئے صوبوں کے قیام کی حمایت میں سامنے آ رہے ہیں، تاہم نواز شریف اور شہباز شریف کی جانب سے تاحال اس معاملے پر واضح اور دوٹوک حمایت سامنے نہیں آئی۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی انتظامی یونٹس کے قیام کی حمایت کا اشارہ تو دے رہی ہے، لیکن نئے صوبوں کی تشکیل کے معاملے پر محتاط دکھائی دیتی ہے۔
احمد ولید کے مطابق مسلم لیگ ن کی سیاسی حکمت عملی یہ ہو سکتی ہے کہ پیپلز پارٹی صوبوں کے قیام کی مخالفت کرے اور معاملے کو انتظامی یونٹس تک محدود رکھنے کے لیے مولانا فضل الرحمان کو بھی اعتماد میں لیا جائے۔
تاہم اگر دونوں بڑی جماعتیں اپنے اپنے مؤقف پر ڈٹ جاتی ہیں تو سیاسی صورتحال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے۔
ایسی صورت میں تحریک انصاف کی حمایت حاصل کرنے کا آپشن بھی زیر بحث آ سکتا ہے، لیکن عمران خان کی رہائی اور نئے صوبوں کے معاملے پر کسی ممکنہ سیاسی مفاہمت کی باتیں تاحال غیر مصدقہ قیاس آرائیوں سے آگے نہیں بڑھ سکیں۔
احمد ولید کے مطابق دوسری جانب اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے اس معاملے پر پیچھے نہ ہٹنے کا تاثر بھی موجود ہے۔ اگر نئے صوبوں کے قیام پر سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے پیدا نہ ہو سکا تو پہلے سے موجود سیاسی اختلافات مزید شدت اختیار کر سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں ملک کو ایک نئے سیاسی اور آئینی بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔








