بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

23 سال کی عمر میں سر کیوں منڈوایا؟ وشال ڈڈلانی نے برسوں پرانا راز کھول دیا

بولی ووڈ کے معروف موسیقار اور گلوکار وشال ڈڈلانی(Vishal dadlani) نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے محض 23 سال کی عمر میں اپنے سر کے تمام بال منڈوا دیے تھے اور اس کے بعد کبھی دوبارہ بال نہیں بڑھائے۔

53 سالہ وشال ڈڈلانی گزشتہ کئی برسوں سے اپنے مخصوص گنجے پن کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں، تاہم بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ ماضی میں ان کے بال لمبے ہوا کرتے تھے۔ حال ہی میں انہوں نے ایک یوٹیوب شو میں اپنے اس منفرد انداز کے پیچھے چھپی کہانی بیان کی۔

اداکارہ نیہا دھوپیا اور اداکار انگد بیدی کے یوٹیوب شو ’ڈبل ڈیٹ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وشال نے بتایا کہ 23 سال کی عمر تک ان کے بال کافی لمبے تھے۔ اس وقت وہ مذہب کی طرف بہت زیادہ مائل تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ایک دن جب وہ صبح سو کر اٹھے تو ان کے دل میں شدید خواہش پیدا ہوئی کہ وہ بھارتی شہر تروپتی جائیں اور وہاں سر کے بال منڈوالیں۔ اس کے بعد وہ تروپتی گئے اور اپنے بال منڈوا دیے۔ وہیں انہوں نے فیصلہ کیا کہ اب زندگی میں کبھی دوبارہ بال نہیں بڑھائیں گے۔

مزیدپڑھیں:مسلم دنیا کی 500 بااثر شخصیات کی فہرست جاری، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل پہلے نمبر پر آگئے

گفتگو کے دوران وشال ڈڈلانی نے نیہا اور انگد کو اپنے لمبے بالوں والی ایک پرانی تصویر بھی دکھائی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس دن سے لے کر آج تک اپنے اس وعدے پر قائم ہیں اور انہوں نے دوبارہ کبھی بال نہیں رکھے۔

وشال نے گفتگو میں اپنی ایک اور عادت کا ذکر کرتے ہوئے نیہا دھوپیا کو بتایا کہ کم عمری میں ہی انہوں نے فیصلہ کر لیا تھا کہ وہ کبھی شراب نہیں پیئیں گے۔

ان کے مطابق ان کے خاندان میں شراب پینا کوئی غیر معمولی بات نہیں تھی اور سماجی تقریبات میں بھی لوگ عام طور پر شراب نوشی کرتے تھے، لیکن انہیں خود کبھی شراب پینے کی خواہش محسوس نہیں ہوئی۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے یہ فیصلے کیوں کیے تو وشال کا کہنا تھا کہ ان کے پاس اس کی کوئی خاص وجہ نہیں، بس انہیں اندر سے محسوس ہوتا تھا کہ انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے۔

پیشہ ورانہ محاذ کی بات کی جائے تو وشال ڈڈلانی نے آخری بار کارتک آریان اور اننیا پانڈے کی 2025 میں ریلیز ہونے والی فلم ”تو میری میں تیرا، میں تیرا تو میری“ کے لیے موسیقی ترتیب دی تھی۔