وزیراعظم محمد شہباز شریف کا یومِ فضائیہ، 7 ستمبر 2026 پر پیغام آج یومِ فضائیہ کے یادگار موقع پر میں پاک فضائیہ کے تمام افسران اور جوانوں کو انکی پیشہ ورانہ تاریخ کے دوران شاندار کارکردگی پر دِلی خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔
پاک فضائیہ نے بلاشبہ گزشتہ کئی دہائیوں سے فضائی معرکوں میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، مہارت اور برتری کا لوہا منوایا ہے۔ یہ ممتاز ادارہ قربانی، شجاعت اور پیشہ ورانہ مہارت کی قابلِ فخر تاریخ رکھتا ہے جس نے ہمیشہ قوم کی پکار پر بے مثال جرأت و بہادری کے ساتھ لبیک کہا ہے۔
ستمبر 1965ء میں پاکستان کی فضائی حدود کے دفاع کے لیے پاک فضائیہ کے شاہینوں کے جُوش و ولولہ اور عزم نے انہیں فضاؤں کی وسعتوں میں کامیابی و کامرانی سے ہمکنار کیا۔ انہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کی خاطر اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
بلاشبہ، ان عظیم شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہمارے لیے قومی اعزاز ہے۔اسی جذبے کے تسلسل میں گزشتہ سال مئی 2025ء میںپاک فضائیہ نے مثالی ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے معرکۂ حق کے دوران جرأت مندانہ قیادت، غیر معمولی جنگی مہارت، بہترین منصوبہ بندی اور حالیہ برسوں کی جامع حکمتِ عملی کے تحت جدیدیت اور خود انحصاری کے ذریعے حاصل کی گئی کثیرالجہتی جنگی صلاحیتوں کے منظم اور مؤثر استعمال سے دشمن کو شکست دی۔
قوم کو فخر ہے کہ پاک فضائیہ نے ایک بار پھر تعداد میں کم ہوتے ہوئے بھی دشمن کا مقابلہ کرنے کی اپنی شاندار روایت کو برقرار رکھا، جو ہمیشہ سے اس کی نمایاں شناخت رہی ہے!اس خصوصی دن کے موقع پر میں پاک فضائیہ کے لیے پیشہ ورانہ کامیابی اور ترقی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔
مزید پڑھیں:پی ایس ایل کا اگلا ایڈیشن شیڈول سے پہلے کرانے کی تجویز
مجھے یقین ہے کہ پاک فضائیہ ہمیشہ کی طرح ہر ممکن چیلنج کا سامنا کرتے ہوئے ملک کی خودمختاری اور فضائی سرحدوں کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار رہے گی۔









