دورہ انگلینڈ کے دوران تیسرے ٹیسٹ میچ سے ڈراپ ہونے والے قومی کرکٹرز امام الحق اور محمد رضوان کو نئی ذمہ داریاں مل گئیں۔تفصیلات کے مطابق امام الحق اور محمد رضوان پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون اور کپ کیلئے منتخب ٹیموں میں شامل ہوگئے ہیں۔
مبینہ انکوائری کا سامنے کرنیوالےامام الحق کوآئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ( او جی ڈی سی ایل ) کا کپتان مقرر کیا گیا ہے، اسی طرح وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کوسوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ(ایس این جی پی ایل) کا نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب کپتان قومی ون ڈے ٹیم شاہین آفریدی خان ریسرچ لیبارٹریز (کے آر ایل )کی نمائندگی کرینگے جبکہ شان مسعود سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی) کی کپتانی کے فرائض انجام دینگے۔
سلمان علی آغا کنگزمین اکیڈمی کے نائب کپتان ہونگے،حارث رؤف پی ٹی وی کی طرف سے کھیلیں گے۔ٹورنامنٹ کا آغاز 12 ستمبر سے ہوگا جبکہ فائنل 24 سے 28 اکتوبر 2026 تک کھیلا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ کے دورے پر موجود قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ڈسپلن اور رویے سے متعلق میڈیا رپورٹس کے بعد انکوائری شروع کر رکھی ہے۔
پی سی بی کے میڈیا ڈائریکٹر عامر میر نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ بورڈ نے ڈسپلن اور کنڈکٹ سے متعلق میڈیا رپورٹس کے بعد داخلی تادیبی تحقیقات شروع کی ہیں جن کا اس وقت اندرونی طور پر جائزہ لیا جارہا ہے۔
عامر میر کے مطابق پی سی بی ایسے معاملات کو اپنے معمول کے طریقہ کار کے مطابق دیکھتا ہے اور تحقیقات بورڈ کے ضوابط کے تحت کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل کے دوران تمام متعلقہ افراد کو مناسب طور پر زیر غور لایا جارہا ہے۔
یہ پیش رفت پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم میں ہونے والی بڑی تبدیلیوں کے بعد سامنے آئی ۔ قومی ٹیم اس وقت برمنگھم میں انگلینڈ کیخلاف تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے۔
دوسرے ٹیسٹ میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی اسکواڈ میں 7 کھلاڑیوں کو تبدیل کردیا تھا جن میں امام الحق اور محمد رضوان بھی شامل تھے اس کے علاوہ پی سی بی نے ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو بھی ان کی ذمہ داریوں سے فارغ کردیا تھا۔ دونوں کوچز نے ٹیم کے ساتھ صرف 6 میچز میں کام کیا تھا۔
مزید پڑھیں:وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی عالم دین الوعظ فدا علی ایثار کے اہلخانہ سے تعزیت
پی سی بی نے اس کے بعد وائٹ بال ٹیم کے کوچز مائیک ہیسن اور ایشلے نوفکے کو عبوری طور پر قومی ٹیم کی ذمہ داریاں سونپ دیں۔









