دبئی: دبئی میں ڈی پی ورلڈ انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 (آئی ایل ٹی 20) کے پانچویں سیزن کی شاندار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں کرکٹ کے عالمی شہرت یافتہ فاسٹ بولنگ لیجنڈز بریٹ لی اور شعیب اختر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔تقریب کے دوران آئی ایل ٹی 20 کے چیئرمین خالد الزرونی اور لیگ کمشنر، آئی سی سی بورڈ ڈائریکٹر ایسوسی ایٹس و ای سی بی کے جنرل سیکریٹری مبشر عثمانی نے لیگ کے حالیہ برسوں میں ہونے والے نمایاں فروغ اور خلیجی خطے میں کرکٹ کے کھیل کی ترقی میں اس کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی۔خالد الزرونی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جو خواب کے طور پر شروع ہوا تھا، وہ آج دنیا کی نمایاں کرکٹ لیگز میں شامل ہو چکا ہے، جو بہترین کھلاڑیوں اور بڑی فرنچائزز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے ساتھ متحدہ عرب امارات، خطے اور دنیا بھر میں کرکٹ کے فروغ میں کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے لیگ کے اسٹیک ہولڈرز، فرنچائز مالکان، کمرشل اور اسٹریٹجک شراکت داروں کا مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ڈی پی ورلڈ اور زی نیٹ ورک کے ساتھ ساتھ کویت کرکٹ، سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن، افغانستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ آئرلینڈ کو اسٹریٹجک کرکٹ پارٹنرز کے طور پر سراہا جبکہ نئے کمرشل پارٹنر SPORTFIVE کا بھی خیرمقدم کیا۔تقریب میں سابق نیوزی لینڈ انٹرنیشنل سائمن ڈول کی میزبانی میں خصوصی پینل ڈسکشن بھی ہوئی، جس میں کرکٹ، کھیل، کاروبار اور حکومتی شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے خطے اور عالمی سطح پر کرکٹ کے بدلتے منظرنامے اور مستقبل پر اظہار خیال کیا۔بعد ازاں سائمن ڈول نے بریٹ لی اور شعیب اختر کے ساتھ بھی خصوصی نشست کی، جس میں دونوں فاسٹ بولنگ لیجنڈز نے ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 کے متحدہ عرب امارات اور خطے میں کرکٹ پر بڑھتے ہوئے اثرات پر گفتگو کی۔ دونوں سابق اسٹارز نے اپنے کرکٹ کیریئر اور تیز رفتار بولنگ کے دور کی یادیں بھی تازہ کیں۔تقریب میں معروف مینٹلسٹ کرن سنگھ میجک نے بھی شاندار پرفارمنس پیش کی، جبکہ آئی ایل ٹی 20 کے پانچویں سیزن کے لیے نئی برانڈ شناخت بھی متعارف کرائی گئی۔ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 سیزن 5 رواں سال نومبر اور دسمبر میں متحدہ عرب امارات کے تین معروف کرکٹ میدانوں، زاید کرکٹ اسٹیڈیم ابوظبی، دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم اور شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
آئی ایل ٹی 20 سیزن 5 کی دبئی میں شاندار لانچنگ، شعیب اختر اور بریٹ لی کی شرکت








