صوبے کی میڈیکل یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز(Vice Chancellors) کی تقرری کے لیے پنجاب نے نئی شرط عائد کر دی ہے۔
پنجاب کی میڈیکل یونیورسٹیوں میں وائس چانسلر کی تقرری کے لیے نئی شرط کے طور پر امیدواروں کو تقرری سے قبل باقاعدہ تحریری حلف نامہ دینا ہوگا۔
وی سی امیدواروں کو تقرری کی شرائط و ضوابط کی پابندی کا تحریری اقرار کرنا ہوگا، وی سی بننے والے امیدوار کسی دوسری ملازمت یا عہدے پر کام نہیں کر سکیں گے۔
حلف نامے کے مطابق وائس چانسلر تقرری کے بعد نجی پریکٹس پر پابندی ہوگی، ضابطے کی خلاف ورزی کی گئی تو عہدے کی پیش کش واپس لینے یا برطرفی کی کارروائی کی جا سکے گی۔
مزیدپڑھیں:100 روپے سبسڈی کا اعلان، پمپ مالکان نے ہاتھ کھڑے کردیے
حلف نامے کی خلاف ورزی پر وائس چانسلر کے خلاف اب تادیبی کارروائی بھی ہو سکے گی۔
واضح رہے کہ پنجاب کی پانچ اہم پبلک سیکٹر میڈیکل یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی تعیناتی کا عمل مکمل ہو گیا ہے، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد بھجوائی گئی وائس چانسلرز کی تعیناتی کی سمری منظور کر لی۔
پبلک میڈیکل یونیورسٹیوں کے انٹرویو کے لیے آنے والے امیدواروں میں پروفیسر محمود ایاز، پروفیسر سید اصغر نقوی، پروفیسر طیبہ وسیم، پروفیسر محمد معین، پروفیسر زہرا خانم، میجر جنرل سہیل صابر، پروفیسر معروف عزیز خان، میجر جنرل سہیل امین، پروفیسر طارق اقبال اور پروفیسر جہانگیر سرور شامل تھے۔









