خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 17 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ کارروائیوں کے دوران پاک فوج(Pak Army) کے 6 جوان بھی شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ISPR) کے مطابق 15 سے 17 ستمبر کے دوران خیبرپختونخوا میں خوارج کے خلاف مختلف کارروائیاں کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ایک ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنتہ الخوارج کے 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ضلع ہنگو میں بھی سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 4 خوارج کو ہلاک کردیا۔ کارروائی کے دوران خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کے خلاف کارروائیوں کے دوران بارودی سرنگ کے دھماکے میں پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ 6 بہادر جوانوں نے مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
مزیدپڑھیں:ابھیشیک شرما نے افغانستان کیخلاف 30 گیندوں پر سنچری بنا کر ریکارڈ قائم کر دیا
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے اور علاقے میں امن و استحکام یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان میں کارروائیاں کی گئیں، جن میں فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتح علی میں کی گئی کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 5 دہشت گرد ہلاک کیے گئے، جبکہ ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھاڈرمیں بھی کارروائی کی گئی، جس کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی جاری رکھا جا رہا ہے۔









