بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مسئلہ اب لانگ مارچ نہیں، قومی سلامتی کا ہے، یہ فیصلہ کرلیا گیاکہ سہیل آفریدی کی حکومت کو جانا ہوگا: ذرائع کا دعویٰ

اسلام آباد: نجی ٹی وی کے پروگرام میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی (Sohail Afridi)کی خیبرپختونخوا حکومت کے مستقبل سے متعلق ذرائع کا اہم دعویٰ سامنے آیا ہے۔

ذرائع کے حوالے سے یہ خبر سامنے آئی ہے کہ اب فیصلہ سازوں کیلئے صرف پی ٹی آئی کا لانگ مارچ مسئلہ نہیں ہے بلکہ مسئلہ سہیل آفریدی کی حکومت ہے۔

ذرائع کا دعویٰ ہےکہ مسئلہ اب لانگ مارچ سے آگے بڑھ چکا ہے کیوں کہ اب مسئلہ قومی سلامتی کا ہے اس لیے اب یہ فیصلہ کرلیا گیا ہے کہ سہیل آفریدی کی حکومت کو جانا ہوگا۔

پروگرام نیا پاکستان کے میزبان شہزاد اقبال نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے اہم ذرائع نے لانگ مارچ کو مؤخر کرنے کی تصدیق کی مگر تیاری کی کمی کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ کی تیاری کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، عوام بھرپور متحرک ہیں اور لانگ مارچ کے لیے تیار ہیں مگر ہم چاہتے ہیں کہ ٹیسٹ میچ کھیلیں اور حکومت کو تھکائیں۔ 5 اکتوبر عمران خان کی سالگرہ کا دن بھی ہے، اس لیے 5 اکتوبر کی سمبولک اہمیت زیادہ ہے۔


مگر جہاں پاکستان تحریک انصاف حکومت کے ساتھ ٹیسٹ میچ کھیلنے کا ارادہ ظاہر کر رہی ہے، وہیں ذرائع بتاتے ہیں کہ حکومت کچھ اور ہی سوچ رہی ہے۔

مزیدپڑھیں:ٹیکس دہندگان کے لیے بڑی خبر، ایف بی آر نے طریقہ کار بدل دیا

ذرائع کے مطابق فیصلہ سازوں کا یہ کہنا ہے کہ اب صرف پاکستان تحریک انصاف کا لانگ مارچ مسئلہ نہیں ہے، پاکستان تحریک انصاف کو لانگ مارچ کرنا ہے تو کرے، ملتوی کرنا ہے تو ملتوی کرے، مسئلہ اب اس سے آگے بڑھ چکا ہے کیونکہ اب مسئلہ قومی سلامتی کا ہے۔

فیصلہ سازوں کے فیصلوں سے باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ اب اصل مسئلہ یہ ہے کہ سہیل آفریدی اور ان کے ساتھی دہشت گردوں سے مل کر پاکستان کو کمزور کر رہے ہیں جس کی وجہ سے پاکستان میں دہشت گردی بڑھ رہی ہے۔ اس لیے اب یہ فیصلہ کر لیا گیا ہے کہ سہیل آفریدی کی حکومت کو جانا ہوگا۔