بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

لاہور: غیرملکی خاتون سے مبینہ زیادتی: میڈیکل رپورٹ جاری، تفتیش میں نئی پیچیدگیاں

لاہور کے علاقے ڈیفنس میں آذربائیجان سے تعلق رکھنے والی 20 سالہ غیر ملکی خاتون سے مبینہ زیادتی (Rape)کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، تاہم تفتیش کے دوران سامنے آنے والے مختلف بیانات اور شواہد کے باعث کیس کی صورتِ حال مزید پیچیدہ ہوگئی ہے۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی ہے، جس میں جنسی زیادتی کی نشاندہی ہوئی ہے۔

اُدھر پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون سمیت گرفتار کیے گئے تین افراد کے بیانات اور متاثرہ لڑکی کے مؤقف کا جائزہ لینے کے بعد واقعے کے بعض پہلو تاحال مشکوک ہیں۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ آذربائیجان سے تعلق رکھنے والی 20 سالہ خاتون چند روز قبل لاہور پہنچی تھی۔ خاتون کے بیان کے مطابق 25 ستمبر کی رات دو نامعلوم لڑکیاں انہیں ایک کیفے میں لے گئیں، جہاں تین دیگر افراد پہلے سے موجود تھے۔

متاثرہ خاتون نے الزام عائد کیا کہ کیفے میں انہیں نشہ آور چیز پلائی گئی، جس کے بعد انہیں مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ خاتون کے مطابق واقعے کے بعد انہیں ایئرپورٹ کے قریب چھوڑ دیا گیا اور مبینہ ملزمان وہاں سے فرار ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران خاتون کی ٹریول ہسٹری اور بعض بیانات میں تضاد سامنے آیا ہے۔ پولیس کے مطابق خاتون کی جانب سے لاہور میں تین مرتبہ آنے اور کپڑوں کے کاروبار سے متعلق بتائی گئی وجوہات کے حوالے سے بھی تاحال واضح شواہد سامنے نہیں آسکے۔

مزیدپڑھیں:ٹانک میں پولیس کی گاڑی پر فائرنگ، 3 اہلکار شہید، 2 افراد زخمی

پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کے لاہور میں متعدد افراد سے رابطوں کا بھی ریکارڈ سامنے آیا ہے، جس کی بنیاد پر مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد اور متاثرہ خاتون کے بیانات، میڈیکل رپورٹ، موبائل ڈیٹا اور دیگر شواہد کو سامنے رکھ کر واقعے کی حقیقت جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور ذیشان رضا کے مطابق واقعے میں مبینہ طور پر ملوث افراد کی شناخت کرلی گئی ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے مختلف پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

ذیشان رضا نے کہا کہ مبینہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش کا دائرہ وسیع کردیا ہے، جبکہ جائے وقوعہ اور دیگر مقامات سے حاصل کیے گئے شواہد کے ساتھ فارنزک شواہد کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق حتمی نتیجہ تمام شواہد، میڈیکل رپورٹ، فارنزک رپورٹس اور فریقین کے بیانات کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد ہی سامنے آئے گا۔