پاکستان کی سینئر اداکارہ فرح نادر نے پاکستانی اداکاروں کی آمدنی اور معاوضوں، انڈسٹری کے مالی معاملات پر بھی روشنی ڈالی اوریہ بھی بتایا کہ اس شعبے سے وابستہ افراد کتنی آمدنی حاصل کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اداکار واقعی بھاری معاوضے حاصل کرتے ہیں، اگر ایک عام شخص ایک ماہ میں ایک لاکھ روپے کماتا ہے تو ایک اداکار تقریباً اتنی رقم 10 دن میں کما لیتا ہے۔
فرح نادر نے بتایا کہ مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار اور اداکارائیں اس سے کہیں زیادہ معاوضہ وصول کرتے ہیں۔
سینئر اداکارہ کے مطابق مرکزی اداکار یا اداکارہ باآسانی ایک ڈرامے کا 15 سے 20 لاکھ روپے معاوضہ حاصل کرلیتے ہیں جب کہ کئی مواقع پر یہ رقم 30 سے 40 لاکھ روپے تک بھی پہنچ جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر پروڈیوسرز وقت پر معاوضہ ادا کریں تو شوبز ایک ایسا شعبہ ہے جہاں آمدنی خاصی زیادہ ہوسکتی ہے۔
مزید پڑھیں:خیبرپختونخوا حکومت کی دہشتگردوں سے ملی بھگت کے شواہد موجود ہیں، خواجہ آصف
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ فرح نادر نے بذاتِ خود کسی اداکار کا نام نہیں لیا بلکہ پروگرام میں موجود خاتون میزبان نے ہمایوں سعید، فہد مصطفیٰ، فیروز خان، احسن خان، اقرا عزیز، سجل علی اور ہانیہ عامر کے نام لیے۔واضح رہے کہ فرح نادر نے اپنے کیرئیر کا آغاز کلاسک ڈرامے ’خدا کی بستی‘ سے کیا تھا۔









