بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جوڈیشل کمیشن ارکان میں ردوبدل، بلاول بھٹو کو رکن بنانے کی تجویز

جوڈیشل کمیشن اجلاس کے دوران حکومتی ارکان میں تبدیلی کا فیصلہ باہمی مشاورت سے کیا گیا

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی سے ن لیگ کے شیخ آفتاب احمد کی جگہ پی پی کے بلاول بھٹو کو رکن بنانے کی تجویز ہے جبکہ سینیٹ سے پی پی کے فاروق ایچ نائیک کی جگہ ن لیگ کے رانا ثناء اللہ کو نامزد کیے جانے پر مشاورت جاری ہے۔

 جوڈیشل کمیشن کے حکومتی ارکان میں تبدیلی کا فیصلہ باہمی مشاورت سے کیا گیا، حکومتی ارکان کی تبدیلی کے بعد جوڈیشل کمیشن کی حکومتی نمائندگی کا نیا سیٹ اپ بنے گا۔ حکومتی ارکان کی تبدیلی کیلئے متعلقہ پارلیمانی فورمز سے باضابطہ کارروائی مکمل کی جائے گی۔

بلاول بھٹو اور رانا ثناءاللہ کی ممکنہ شمولیت سے جوڈیشل کمیشن میں حکومتی ارکان کی ترتیب تبدیل ہوجائے گی، جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے نئے ارکان کی نامزدگی کا نوٹیفکیشن جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ حتمی منظوری کے بعد جوڈیشل کمیشن آف پاکستان میں حکومتی نمائندگی کا نیا سیٹ اپ نافذ ہوگا۔

واضح رہے کہ پی پی پی سے تعلق رکھنے والے رکن جوڈیشل کمیشن سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے ذاتی وجوہات کے باعث بطور جوڈیشل کمیشن کے ممبر استعفیٰ دیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ کو بھجوائے گئے استعفے کے متن میں کہا گیا کہ آرٹیکل 175اے 2 کے تحت میں ممبر جوڈیشل کمیشن نامزد ہوا لیکن ذاتی مصروفیات کے باعث بطور ممبر جوڈیشل کمیشن ذمہ داریاں ادا نہیں کر سکتا اور بطور ممبر جوڈیشل کمیشن عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔

جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس 13 اکتوبر کو طلب کرلیا گیا، جس میں سندھ ہائیکورٹ میں آئینی بنچز کی مدت میں توسیع کے معاملے پر غور کیا جائے گا۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس 13 اکتوبر کو دن ڈیڑھ بجے سپریم کورٹ کے کانفرنس روم میں ہوگا۔

مزید پڑھیں:آئی ایم ایف کا پاکستان سے فیول سبسڈی اسکیم’’ فوری ختم ’’ کرنے کا مطالبہ

سندھ ہائیکورٹ میں قائم آئینی بنچز کی مدت 25 اکتوبر کو ختم ہو رہی ہے، جس کے باعث اجلاس میں ان کی مدت میں توسیع کا معاملہ زیر بحث آئے گا۔