بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ماسٹرکارڈ اور بینک اسلامی کا پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام مضبوط بنانے کا فیصلہ

کراچی، ماسٹر کارڈ اور بینک اسلامی نے بینک کی طرف سے کنزیومر اور کمرشل کارڈ کی پیشکشوں کو توسیع دینے اور پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی مسلسل ترقی کی حمایت کیلئے اشتراک کیا ہے۔

معاہدے کے تحت بینک اسلامی ڈیبٹ کارڈ، کریڈٹ اور بزنس کارڈ کا وسیع پورٹ فولیو متعارف کروائے گا تاکہ انفرادی اکائونٹ ہولڈرز، مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایم ایس ایم ایز) اور کمرشل کلائنٹس سمیت متنوع صارفین کی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔

اشتراک میں صاحب ثروت صارفین کیلئے ماسٹر کارڈ ورلڈ کے ساتھ ماسٹر کارڈ ورلڈ ایلیٹ کارڈز پر مبنی ترجیحی بینکاری کے پروگرام شامل ہیں۔ صارفین اور صاحب ثروت طبقے کے لیے بینک اسلامی کا شرعی اصولوں کے مطابق کریڈٹ کارڈ پروگرام بھی شامل ہے۔ بینک ڈیبٹ کارڈز اور بزنس پیمنٹ کنٹرولز کے ذریعے کارپوریٹ اداروں اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبارکے لیے بھی شرعی اصولوں کے مطابق سہولیات کو توسیع دے گا جس سے کاروباری اداروں کو ادائیگیوں کے بہتر انتظام اور سپلائی چین کے عمل کو موثر بنانے میں مدد ملے گی۔

اس کے علاوہ ماسٹر کارڈ بینک اسلامی کے کارڈ پورٹ فولیو میں یکساں لائلٹی پلیٹ فارم کے آغاز میں معاونت فراہم کرے گا جس سے صارفین کو مسلسل انعامات اور فوائد حاصل ہوں گے۔

بینک اسلامی کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران ایچ شیخ نے کہا کہ “ماسٹر کارڈ کے ساتھ اشتراک انفرادی اور کاروباری بینکنگ صارفین کو شرعی اصولوں کے مطابق کارڈ اور ادائیگی کے حل فراہم کرنے کی ہماری صلاحیت کو مضبوط بناتا ہے۔ ہمارا ہدف اور مقصد شرعی اصولوں کے مطابق مالیاتی سہولیات کو جدید ڈیجیٹل بینکاری کی مطلوبہ آسانیوں اور جدید صلاحیتوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے اسلامی بینکاری کو صارفین کیلئے ترجیحی انتخاب بنانا ہے۔”

ارسلان خان، کنٹری منیجر، پاکستان و افغانستان، ماسٹر کارڈ نے کہا کہ “ماسٹرکارڈ ڈیجیٹل ادائیگیوں کی ٹیکنالوجی کے ذریعے صارفین اور کاروباری اداروں کو منسلک کرکے تجارت کے فروغ میں کردار ادا کرتا ہے۔ بینک اسلامی کے ساتھ اشتراک کے ذریعے ہم پاکستان میں صارفین اور چھوٹے کاروباری اداروں کے لیے ادائیگیوں کے مزید مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ اس اشتراک سے بینک کی شرعی اصولوں کے مطابق کارڈ کی پیشکشوں کو فروغ دینے اور زیادہ سے زیادہ صارفین کو ڈیجیٹل معیشت کا حصہ بنانے میں مدد ملے گی۔”