اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے حالیہ میزائل حملوں کی پرزور مذمت کرتے ہوئے مملکت کے حقِ دفاع کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے، جبکہ بھارتی وزیرِ دفاع کے دھمکی آمیز بیان پر خبردار کیا ہے کہ ملک اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے مکمل تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق دفترِ خارجہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان سجاد حیدر خان نے کہا کہ سعودی عرب کی سرزمین پر حوثی باغیوں کی جانب سے کیے جانے والے حملے خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے آر فور (R4) ممالک یعنی سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے ساتھ مل کر ریاض ایئرپورٹ سمیت دیگر تنصیبات پر حملوں کی مذمت کی ہے اور مملکت کی سلامتی و خودمختاری کے دفاع کے لیے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
بریفنگ کے دوران بھارتی وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کے حالیہ اشتعال انگیز بیان پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے ترجمان دفترِ خارجہ نے اسے بھارتی بالادستی کی سوچ کا عکاس قرار دیا۔ انہوں نے بھارت کو خبردار کیا کہ پاکستان کے تحمل اور امن کی کوششوں کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ترجمان نے گزشتہ سال مئی 2025 کی عسکری محاذ آرائی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت ماضی کے سبق یاد رکھے اور جارحانہ طرزِ عمل ترک کر کے خطے میں ذمہ دارانہ کردار ادا کرے۔









