وزیراعظم شہباز شریف(Shehbaz Sharif) کا کہنا ہے کہ معاشی استحکام کے بعد حکومت برآمدات پر مبنی ترقی، نجکاری اور صنعتی شعبے کی استعداد بڑھانے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ امریکی مشاورتی فرم الویریز اینڈ مارسل نے پاکستان کے ساتھ کاروباری تعاون بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے عالمی مشاورتی فرم الویریز اینڈ مارسل (اے اینڈ ایم) کے شمالی امریکا میں آپریشنز کے منیجنگ ڈائریکٹر پیٹر بریگز نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنی معیشت کو عالمی منڈیوں کے لیے کھولنے اور معاشی امور پر بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین سے مشاورت کے لیے تیار ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ معاشی اور مالیاتی استحکام کے اہداف حاصل کرنے کے بعد حکومت گہری معاشی اور ساختی اصلاحات پر کام کر رہی ہے، جن کا مقصد برآمدات پر مبنی ترقی اور پیداواری معیشت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی صنعتی اور پیداواری شعبے کی کارکردگی بہتر بنانے کے ساتھ براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کے فروغ پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
مزیدپڑھیں:سندھ: ایچ آئی وی سے متاثرہ157 بچوں کی ماؤں کو ماہانہ 40 ہزار روپے امداد دینےکا عمل شروع
وزیراعظم نے کہا کہ سرکاری ملکیتی اداروں کی معاشی افادیت اور مالیاتی پائیداری کا جائزہ لینے کے لیے جامع حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے، جس کے تحت قومی معیشت کی بہتری اور ترقی کے لیے نجکاری کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی کے لیے پیشہ ورانہ مہارت رکھنے والے ماہرین اور تربیت یافتہ افرادی قوت کی خدمات اہم ہیں، اسی لیے پاکستان بین الاقوامی مشاورتی اداروں کے ساتھ نتیجہ خیز شراکت داری کا خواہاں ہے، جس میں کارکردگی اور جواب دہی کو یقینی بنایا جائے۔
پیٹر بریگز نے وزیراعظم سے ملاقات پر اظہار تشکر کرتے ہوئے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور عالمی معاشی ماہرین کے ساتھ تعاون کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ مثبت رابطوں اور تعاون کے ذریعے کاروبار کے لیے سازگار ماحول اور پیداواری معیشت کے فروغ میں دلچسپی ظاہر کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام بھی شریک ہوئے۔









