راولپنڈی: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی راولپنڈی میں واقع رہائش گاہ پر چوری کی بڑی واردات سامنے آئی ہے، جہاں نامعلوم چور گھر سے ائیر کنڈیشنر، کھڑکیاں اور دروازے سمیت لاکھوں روپے مالیت کا سامان چوری کر کے فرار ہو گئے۔ پولیس نے سابق وزیراعظم کے پرسنل سیکرٹری کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق چوری کی یہ واردات راولپنڈی کے علاقے جاتلی میں واقع ڈھوک امب میں راجہ پرویز اشرف کی رہائش گاہ پر پیش آئی۔ واقعے کا باقاعدہ مقدمہ سابق وزیراعظم کے پرسنل سیکرٹری طیب فضل کی درخواست پر تھانہ جاتلی میں درج کیا گیا ہے۔
تھانے میں درج کروائی گئی ایف آئی آر کے متن کے مطابق چور رہائش گاہ سے 3 ائیر کنڈیشنر، 2 دروازے، 2 کھڑکیاں، قالین، کراکری، آرائشی اشیاء اور گھاس کاٹنے والی مشین لے اڑے، جبکہ کارروائی کے دوران رہائش گاہ کے مختلف حصوں اور کمروں کے تالے ٹوٹے ہوئے پائے گئے۔
مقدمے میں نشاندہی کی گئی ہے کہ سابق وزیراعظم کی اس رہائش گاہ پر تعینات گھریلو ملازم پراسرار طور پر غائب ہے۔ ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ مذکورہ ملازم گزشتہ رات سے اپنے فرائض پر موجود نہیں ہے اور اس کا موبائل فون بھی مسلسل بند جا رہا ہے، جس کی وجہ سے اس پر مبینہ طور پر شک ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تخمینے کے مطابق چوری ہونے والے تمام سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 2 لاکھ 70 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے روپوش ملازم کی تلاش اور چوری میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں۔









