بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مزید بحث ختم، سندھ کے عوام نئے صوبوں پر فیصلہ سنا چکے ہیں، بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نفرت کی سیاست کے بجائے کراچی کے مسائل پر توجہ دے، سندھ اسمبلی نئے صوبوں سے متعلق فیصلہ دے چکی ہے اور اس بحث کو اب ختم ہوجانا چاہیے۔

ملک میں نئے صوبوں سے متعلق بحث جاری ہے تاہم سندھ حکومت کی جانب سے اس کی شدید مخالفت کی گئی اور سندھ اسمبلی سے اس کے خلاف قرارداد بھی منظور کی جا چکی ہے۔ لیکن تاحال وفاق کی جانب سے نئے صوبوں کے معاملے پر کوئی خاص پیشرفت سامنے نہیں آئی۔

کراچی کے علاقے لیاری میں اسپینسرز آئی اسپتال کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے آئی اسپنسر اسپتال جو بند پڑا تھا اسے فعال کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتوں اور سیاستدانوں کا فرض ہے کہ وہ عوام کے درمیان نفرت اور تقسیم کی سیاست کرنے کے بجائے عوام کے مسائل کا حل نکالنے کی کوشش کریں۔

ملک میں مہنگائی، غربت اور بےروزگاری عروج پر ہے اور عوام کو معاشی طور پر مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس موقع پر سندھ حکومت اور کے ایم سی کی کوشش ہے کہ عوام پر پڑنے والے معاشی بوجھ کو کم کیا جائے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ صحت ایک ایسا شعبہ ہے کہ ہر کوئی کسی نہ کسی وقت بیمار ہوتا ہے لیکن اگر علاج مہنگا ہو تو عوام کو مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لیکن عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ اور عوام کو کم قیمت بجلی کی فراہمی کے لیے سولر منصوبوں پر غور کیا جا رہا ہے۔

لیاری میں 20، 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ پر صحافی کی جانب سے توجہ دلانے پر انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ ملک بھر میں ایک سنجیدہ مسئلہ ہے۔ کاش ہم پورے لیاری کو سولرائزڈ کر سکیں تاکہ لیاری کو کم قیمت پر بجلی فراہم کی جا سکے۔ تاہم پیپلز پارٹی مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور میں یہاں کے پارٹی کے منتخب نمائندوں سے کہوں گا کہ اس معاملے کو حل کرنے کی کوشش کریں۔

صوبوں سے متعلق کیے گئے سوال پر بلاول بھٹو نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی کا مؤقف سب کے سامنے ہے، اور نئے صوبوں کے حوالے سے سندھ کے عوام بھی اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں 7 سے 8 مرتبہ نئے صوبوں پر بات ہو چکی ہے، اور سندھ کے عوام کو ہی حق حاصل ہے کہ وہ صوبے کی قسمت کا فیصلہ کریں۔ صوبوں کے معاملے کو اب بند کردینا چاہیے۔ جبکہ نئے صوبے کا معاملہ سندھ اسمبلی نے بند کر دیا ہے۔

انہوں ںے کراچی کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پر وفاقی حکومت کو توجہ دینی چاہیے کیونکہ وہ اس ملک کا معاشی حب ہے، اور ہم سب کو ہی مل کر کراچی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ وفاقی حکومت کے نمائندے اس شہر میں کام کرنے کے بجائے عوام میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کو فروغ دیتے ہیں۔

مزیدپڑھیں:3 ملکی ون ڈے سیریز: پاکستان کو شکست، سری لنکا بھی فائنل میں پہنچ گیا

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ عوام کا معاشی بوجھ کم کرسکیں اور حکومت نے 28ویں ترمیم پر ہم سے اب تک کوئی بات نہیں کی ہے۔