بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سام سنگ کی نئی فولڈ ایبل ڈیوائس سے متعلق اہم معلومات لیک ہوگئیں!

جنوبی کورین ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ ایک بڑے فولڈ ایبل ٹیبلٹ پر کام کر رہی ہے جس کی اسکرین کھلنے کے بعد 17 انچ تک پہنچ سکتی ہے۔ تاہم، اس حوالے سے کمپنی کی جانب سے تاحال باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس ڈیوائس کو فولڈ کرنے کے بعد اس کی اسکرین کا سائز تقریباً 8 انچ ہو سکتا ہے۔ البتہ، یہ واضح نہیں کہ سام سنگ اس میں کس قسم کا ڈیزائن استعمال کرے گا۔

ایک امکان یہ ہے کہ ٹیبلٹ میں 17 انچ کی اسکرین دی جائے جو باہر کی جانب فولڈ ہو اور بند ہونے کی صورت میں اس کا صرف آدھا حصہ فعال رہے۔ دوسری صورت میں اس میں 17 انچ کی اندرونی فولڈ ایبل اسکرین کے ساتھ 8 انچ کا علیحدہ کور ڈسپلے بھی دیا جا سکتا ہے جیسا کہ کمپنی کے گلیکسی زیڈ فولڈ اسمارٹ فونز میں دیکھا جاتا ہے۔

پہلے ڈیزائن میں مرکزی اسکرین باہر کی جانب کھلی رہے گی، جس سے اس کے محفوظ رہنے کے حوالے سے خدشات پیدا ہو سکتے ہیں جبکہ دوسرے ڈیزائن کی صورت میں ڈیوائس کی قیمت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ سام سنگ کے فولڈ ایبل ٹیبلٹ کی خبریں سامنے آئی ہوں۔ اس سے قبل 2023 میں بھی گلیکسی زیڈ ٹیب کے نام سے ایک فولڈ ایبل ٹیبلٹ متعارف کرانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ تاہم، اس وقت یہ منصوبہ عملی شکل اختیار نہیں کر سکا تھا۔

سام سنگ ڈسپلے پہلے ہی مختلف ٹیکنالوجی نمائشوں میں بڑی فولڈ ایبل اسکرینز کے متعدد پروٹوٹائپس پیش کر چکا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کمپنی اس ٹیکنالوجی پر کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ تاہم اصل سوال یہ ہے کہ آیا سام سنگ کا موبائل ڈویژن ایسی بڑی ڈیوائس کے لیے مارکیٹ میں مناسب طلب دیکھتا ہے یا نہیں۔

دوسری جانب فولڈ ایبل ڈیوائسز کی مارکیٹ میں بھی تبدیلیاں آ رہی ہیں اور ایپل کی جانب سے آئی فون ڈوو کے ساتھ اس شعبے میں داخلے کے بعد سام سنگ کے لیے اپنی جدید ٹیکنالوجی اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا مزید اہم ہو سکتا ہے۔

مزید پڑھیں:سائنسدانوں نے بغیر سہارا چلنے والا روبوٹک ہاتھ بنا لیا

سام سنگ کے اس ممکنہ فولڈ ایبل ٹیبلٹ کی لانچنگ کے حوالے سے تاحال کوئی تاریخ سامنے نہیں آئی، اس لیے فی الحال اس کی جلد آمد کی توقع کرنا قبل از وقت ہوگا۔