حکومت نے جعلی ادویات کی فروخت اور مقررہ قیمت سے زائد وصولی کی روک تھام کے لیے ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا ہے۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے شہریوں کو ’محفوظ دوا‘ ایپ استعمال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صارفین دوا کی پیکنگ پر موجود بارکوڈ اسکین کرکے اس کی رجسٹریشن اور سرکاری قیمت کی تصدیق کرسکتے ہیں۔
ٹو ڈی بارکوڈ ٹیکنالوجی پر مبنی اس ایپلی کیشن کے ذریعے اسمارٹ فون سے دوا کا بارکوڈ اسکین کرنے پر متعلقہ دوا کی رجسٹریشن اور قیمت کی تفصیلات سامنے آجاتی ہیں۔ اس طرح صارفین خریداری سے پہلے معلوم کرسکتے ہیں کہ دوا ڈریپ کے ریکارڈ میں رجسٹرڈ ہے یا نہیں اور فروخت کنندہ مقررہ قیمت سے زیادہ رقم تو وصول نہیں کر رہا۔
وزارت قومی صحت کے ترجمان ساجد شاہ کے مطابق پاکستان میں تقریباً 800 دوا ساز کمپنیاں اور 90 ہزار سے زائد ادویات ڈریپ کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔
دوسری جانب ملک بھر میں ادویات کی ترسیل اور تقسیم کی نگرانی کے لیے مرکزی ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم بھی 9 اکتوبر 2026 سے فعال ہوچکا ہے۔ اور اس نظام کے ذریعے ادویات کی تیاری سے لے کر مارکیٹ تک رسائی کی نگرانی ممکن ہو گی، جبکہ کسی دوا کے معیار یا حفاظت سے متعلق شکایت سامنے آنے پر مخصوص بیچ کی ادویات کی نشاندہی اور انہیں مارکیٹ سے واپس منگوانے میں بھی مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں ادویات کی پیکنگ پر بارکوڈ لگانے کا منصوبہ پہلی مرتبہ 2015 میں پیش کیا گیا تھا جبکہ وفاقی کابینہ نے 2017 میں اس کی منظوری دی تھی۔ تاہم انتظامی رکاوٹوں کے باعث منصوبے پر کئی سال تک مکمل عمل درآمد نہ ہوسکا۔
بعد ازاں وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے منصوبے میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کی ہدایت کی تھی۔ ڈریپ نے جعلی، زائدالمیعاد اور غیر قانونی ادویات کی روک تھام کے لیے یکم اکتوبر 2026 کو بارکوڈ نظام کے نفاذ کی آخری تاریخ مقرر کی تھی۔
مزید پڑھیں:مولانا فضل الرحمٰن اور خاندان کی مالی بے ضابطگیوں کی تفصیلات سامنے آگئیں
ڈریپ نے 5 نومبر کو جاری کردہ ایک الرٹ میں بھی شہریوں کو ہدایت کی تھی کہ ادویات اور علاج سے متعلق دیگر مصنوعات صرف مجاز اور لائسنس یافتہ دکانوں سے خریدیں اور ان کی اصلیت و معیار کی تصدیق کریں۔








