بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

10 ارب روپے کرپشن اسکینڈل جھوٹ، ویکسین پر حکومت کا ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا، مصطفیٰ کمال

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ حج اور عمرہ زائرین کے لیے ویکسین کی تیاری اور خریداری کے معاملے میں انہیں اور وزارت صحت کو لاعلم رکھا گیا جبکہ سوشل میڈیا پر 10 ارب روپے کی کرپشن کا بیانیہ پھیلایا گیا، حالانکہ اس منصوبے پر حکومت کا ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ساڑھے 10 ارب روپے کی کرپشن کا کوئی اسکینڈل نہیں ہے بلکہ 18 کروڑ 30 لاکھ 55 ہزار روپے اس وقت نادرا کے اکاؤنٹ میں موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ویکسین کی خریداری سے متعلق میڈیا رپورٹس سامنے آنے کے بعد وزیراعظم نے انکوائری کمیٹی قائم کی تھی جس کی رپورٹ آج میڈیا کے سامنے پیش کی جا رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بارڈر ہیلتھ سروسز (بی ایچ ایس) نے وفاقی وزارت صحت اور وزیر صحت کو اعتماد میں لیے بغیر ویکسین کی خریداری کا عمل شروع کیا۔

وزیر صحت کے مطابق بی ایچ ایس کے افسران نے ویکسین کی مقدار سے متعلق حقائق مبہم رکھے جبکہ وزارت صحت کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی کو بھی نظرانداز کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بی ایچ ایس نے ایک ماہ بعد اپنی کمیٹی قائم کرکے اس کے ذریعے یہ عمل آگے بڑھایا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ویکسین کی خریداری کے لیے پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) کے قوانین کے بجائے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا طریقہ اختیار کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق انکوائری کمیٹی نے اس طریقہ کار کو سراہا کیونکہ اس میں نادرا کو شامل کیا گیا تھا تاکہ مالی لین دین کی تصدیق ہوسکے۔

انہوں نے بتایا کہ نجی کمپنی اپنے اخراجات پر ویکسین فراہم کر رہی ہے جبکہ ویکسین لگوانے والوں سے حاصل ہونے والی رقم نادرا کے اکاؤنٹ میں جمع ہو رہی ہے۔ اس منصوبے میں حکومت کا بھی حصہ رکھا گیا تھا۔

وزیر صحت کا کہنا تھا کہ اس منصوبے پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (پی تھری اے) کے قوانین لاگو ہونے چاہئیں تھے لیکن متعلقہ حکام نے اس پر پیپرا قوانین کا اطلاق کرکے غلطی کی۔

انہوں نے کہا کہ انکوائری رپورٹ میں پروکیورمنٹ کمیٹی کو بھی ذمہ دار قرار دیا گیا ہے کیونکہ اس نے اس عمل کو نہیں روکا۔ بعد ازاں بی ایچ ایس کے نئے سربراہ نے بھی منصوبہ روکنے کے بجائے اس کی بعد از تکمیل منظوری کے لیے فائل آگے بھجوا دی۔

مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ انکوائری رپورٹ میں ایک ڈائریکٹر کا بھی ذکر کیا گیا ہے جو اس معاملے میں خاصے سرگرم تھے۔

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل سوشل میڈیا اور اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ وزارت صحت کے ماتحت ادارے بارڈر ہیلتھ سروسز نے عمرہ اور حج زائرین کے لیے گردن توڑ بخار اور فلو کی ویکسین کی خریداری میں ساڑھے 10 ارب روپے کا مبینہ ٹھیکہ دیا جس میں کرپشن کی گئی۔

وزارت صحت میں ویکسین کی خریداری کے مبینہ اسکینڈل کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قادر خان مندوخیل نے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے فوری استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔

4 نومبر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں قادر مندوخیل نے الزام عائد کیا تھا کہ بارڈر ہیلتھ سروسز میں اربوں روپے کی مبینہ کرپشن ہوئی جبکہ وفاقی حکومت اس معاملے پر خاموش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کی جانب سے سرکاری افسران اور کوآرڈینیٹرز کی گرفتاریوں سے اس معاملے میں جرائم کی تصدیق ہوتی ہے۔

مزید پڑھیں:جعلی ادویات اور اوورچارجنگ کی روک تھام کیلئے ایپ متعارف

نیوز کانفرنس کے دوران مصطفیٰ کمال نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ نئے صوبوں کی حمایت سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کے حوالے سے اپنی جائز بات کرتا رہوں گا، ایم کیو ایم کو مضبوط کرنے کی ہر ممکن کوشش کروں گا، اس کام سے مجھے کوئی نہیں روک سکتا۔