پاک سوزوکی (Suzuki)موٹر کمپنی نے پاکستان میں اپنے مقبول موٹر سائیکل ماڈلز ’جی ایس 150‘ اور ’جی ڈی 110 ایس‘ کی قیمتوں میں 10 ہزار روپے فی یونٹ اضافہ کر دیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے آفیشل ویب سائٹ پر نئی قیمتوں کی اپ ڈیٹ جاری کر دی گئی ہے، جس کے بعد سوزوکی جی ایس 150 کی قیمت پہلی بار 4 لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔
نئی قیمتوں کے مطابق، سوزوکی جی ایس 150 کی قیمت 3 لاکھ 99 ہزار 900 روپے سے بڑھ کر 4 لاکھ 9 ہزار 900 روپے ہو گئی ہے، جو کہ تقریباً 2.5 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔
دوسری جانب سوزوکی جی ڈی 110 ایس کی قیمت 3 لاکھ 69 ہزار 900 روپے سے بڑھا کر 3 لاکھ 79 ہزار 900 روپے مقرر کی گئی ہے، جس میں تقریباً 2.7 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
مزیدپڑھیں:امریکی جیل میں قید وینزویلا کے معزول صدر نکولس مادورو قرآن مجید کا مطالعہ کرنے لگے
سوزوکی جی ایس 150 سن 2006 میں اپنی آمد کے بعد سے زیادہ تبدیلیوں کے بغیر فروخت کی جا رہی ہے، تاہم اپنے آرام دہ سفر، قابلِ اعتماد اوور ہیڈ کیم شافٹ انجن اور بہترین ری سیل ویلیو کی وجہ سے یہ 150 سی سی کیٹیگری میں اب بھی خریداروں کی ترجیح میں شامل ہے۔
لیکن اس نئی قیمت یعنی 4 لاکھ 9 ہزار 900 روپے پر پہنچنے کے باوجود اس ماڈل میں کئی جدید سہولیات جیسے فیول گیج، گیئر پوزیشن انڈیکیٹر، الائے ویلز اور ریٹرن شفٹ گیئر سسٹم اب بھی موجود نہیں ہیں۔








