آن لائن خریداری(Online Shopping) کے دوران بڑی رعایتیں اور خصوصی آفرز صارفین کی توجہ حاصل کرتی ہیں، تاہم بعض جعلی آن لائن اسٹورز انہی پیشکشوں کی آڑ میں لوگوں کو مالی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ پاکستان کی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے آج جاری 11.11 سیل کے موقع پر صارفین کو آن لائن فراڈ سے خبردار کردیا ہے۔
ایجنسی نے اپنے انتباہ میں کہا ہے کہ اس موقع پر جعلی آن لائن اسٹورز، گمراہ کن رعایتوں اور دھوکا دہی پر مبنی پیشکشوں کے ذریعے خریداروں کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ ایسے فراڈ کے نتیجے میں صارفین نہ صرف اپنی رقم بلکہ ذاتی معلومات سے بھی محروم ہوسکتے ہیں۔
این سی سی آئی اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آن لائن خریداری سے پہلے متعلقہ ویب سائٹ یا اسٹور کی اچھی طرح جانچ پڑتال کریں اور صرف مستند اور قابل اعتماد ویب سائٹس سے ہی خریداری کریں۔
ایجنسی کے مطابق غیر معمولی طور پر زیادہ رعایتیں اور محدود وقت کے لیے دستیاب خصوصی پیشکشیں بھی دھوکا دہی کا ذریعہ بن سکتی ہیں۔ اس لیے صارفین کو ایسی آفرز دیکھ کر جلد بازی میں آرڈر دینے کے بجائے پہلے فروخت کنندہ کی ساکھ اور ویب سائٹ کی حقیقت معلوم کرنی چاہیے۔
مزیدپڑھیں:عمران خان کیلئے ریڈ، بشریٰ بی بی کیلئے گرین سگنل
ایجنسی نے اپنے انتباہ میں ایک فرضی آن لائن شاپنگ پیج کی مثال بھی دی ہے، جس میں ایک چیز انتہائی کم قیمت پر فروخت کے لیے پیش کی گئی ہے، جبکہ ویب سائٹ کا مشکوک ایڈریس اس کے جعلی ہونے کا خدشہ ظاہر کرتا ہے۔
آن لائن خریداری کرتے وقت غیر معروف ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پیجز سے محتاط رہیں۔ آرڈر دینے سے پہلے فروخت کنندہ کی ساکھ اور صارفین کے ریویوز چیک کریں۔ غیر معمولی کم قیمتوں اور پیشگی ادائیگی کے مطالبات پر فوراً یقین نہ کریں۔#NCCIA #CyberAwareness #OnlineShoppingFraud pic.twitter.com/Ykz4adnE4D
— NCCIA (@NCCIAOFFICIAL) November 10, 2026
این سی سی آئی اے نے ادائیگی کے لیے محفوظ طریقے اختیار کرنے پر بھی زور دیا ہے۔ صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بینک کارڈز یا مستند ادائیگی کے نظام (پیمنٹ گیٹ ویز) کا استعمال کریں اور غیر معروف ذرائع سے رقم بھیجنے سے گریز کریں۔
اس کے علاوہ کسی بھی چیز کی خریداری سے پہلے فروخت کنندہ کے بارے میں صارفین کے تبصرے اور ریویوز پڑھنے کے ساتھ واپسی اور رقم کی واپسی سے متعلق پالیسی بھی ضرور دیکھیں۔ اس طرح خریدار کو اندازہ ہوسکتا ہے کہ متعلقہ اسٹور قابل اعتماد ہے یا نہیں۔
ایجنسی کے مطابق ان احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے صارفین اپنی رقم اور ذاتی معلومات کو آن لائن فراڈ سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔








