بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عثمان خواجہ نے انکشاف کرنے کیلئے 8 سال انتظار کیوں کیا؟ پیٹ کمنز

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے آسٹریلیا کے 2018ء کے سینڈ پیپر گیٹ اسکینڈل(The Sandpapergate scandal) سے متعلق حالیہ انکشافات پر عثمان خواجہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے تمام دعوؤں کو دوٹوک انداز میں مسترد کر دیا۔

انہوں نے اپنے سابق ساتھی پر دوسروں کی زندگیوں اور ساکھ کو غیر سنجیدگی سے لینے کا الزام عائد کیا ہے۔

آسٹریلوی کپتان نے کہا ہے کہ سابق اوپنر کا یہ انکشاف میرے لیے بالخصوص باعثِ تشویش ہے کہ انہوں نے بدنامِ زمانہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران کیمرون بینکرافٹ کو سینڈ پیپر استعمال کرتے وقت محتاط رہنے کی ہدایت کی تھی۔

جمعے کو سڈنی میں 1 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی میڈیا گفتگو کے دوران پیٹ کمنز نے اس بات کی سختی سے تردید کی کہ مجھے میدان میں سینڈ پیپر لے جانے کے منصوبے کا علم تھا۔

انہوں نے آسٹریلوی بولنگ اٹیک کے ارکان سمیت خود کو بال ٹیمپرنگ منصوبے کا معمار قرار دینے کے دعوؤں کو بھی مسترد کر دیا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ عثمان خواجہ نے اس واقعے سے متعلق اپنے علم کا انکشاف کرنے کے لیے 8 سال انتظار کیوں کیا؟

پیٹ کمنز نے کہا ہے کہ عثمان میرا دوست ہے، لیکن دوست ایک دوسرے کی زندگیوں اور ساکھ کے معاملے میں غیر سنجیدہ  اور غیر ذمے دارانہ رویہ اختیار نہیں کرتے، اپنی کتاب میں اس نے میری زندگی، بہت سے دوسرے لوگوں کی زندگیوں اور میرے خیال میں آسٹریلوی کرکٹ کے معاملے کو بھی غیر سنجیدگی سے پیش کیا ہے۔

عثمان خواجہ کی جانب سے اپنی کہانی بیان کرنے کے حق کو تسلیم کرتے ہوئے آسٹریلوی کپتان نے زور دیا کہ ایسے الزامات عائد کرنے کے ساتھ ذمے داری بھی وابستہ ہوتی ہے، جو دوسرے لوگوں کی زندگیوں پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

مزیدپڑھیں:فضل الرحمان تنخواہ دار ملازم نکلے، کون دیتا ہے مولانا کو لاکھوں کی تنخواہ؟ اہم سوالات اٹھ گئے

پیٹ کمنز نے کہا کہ جب وہ کہتے ہیں کہ ہم سب کو معلوم تھا، اگر ان کا مطلب یہ ہے کہ ہمیں علم تھا کہ سینڈ پیپر میدان میں لے جایا جا رہا ہے تو وہ 100 فیصد غلط ہیں، میں گزشتہ 8 برس سے مسلسل یہی کہتا آیا ہوں، مجھے معلوم نہیں تھا کہ ایسا ہو رہا ہے لیکن میرے خیال میں عثمان نے اس سے کہیں زیادہ سنگین باتیں بھی کہی ہیں۔

واضح رہے کہ سابق آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کے انکشافات نے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سینڈ پیپر گیٹ 2018ء کو پھر زندہ کر دیا ہے۔

عثمان خواجہ نے 2018ء کے سینڈ پیپر اسکینڈل سے متعلق اہم انکشافات اپنی آٹو بائیو گرافی ’صبر‘ میں کیے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم کے تمام کھلاڑی بال ٹیمپرنگ کے منصوبے سے آگاہ تھے، میں یہ سب کرنا نہیں چاہتا، میں وہ ایک نہیں بننا چاہتا کہ جو آگے آئے اور سچائی بیان کرے۔

عثمان خواجہ کا کہنا تھا کہ میں نے سوچا کہ 8 سال بعد سچائی باہر آنی چاہیے، میں نے کہا تھا کہ ہمیں اسے بحیثیت ٹیم لینا چاہیے، ہم نے یہ ٹیم کی حیثیت سے کیا تھا۔