بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ٹیسلا نے سائبرکیب کی نجی فروخت شروع کردی، قیمت کتنی ہے؟

امریکی کمپنی ٹیسلا (Tesla)نے اپنی مکمل خودکار ڈرائیور لیس گاڑی سائبرکیب کی نجی استعمال کے لیے فروخت کی پیشکش منتخب صارفین کو کردی ہے، جسے کمپنی کی خودکار ڈرائیونگ ٹیکنالوجی عام صارفین تک پہنچانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ٹیسلا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر سنہری رنگ کی دو نشستوں والی سائبرکیب گاڑی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اس پیشکش کا اعلان کیا۔ گاڑی کی ابتدائی قیمت 29 ہزار 990 ڈالر مقرر کی گئی ہے، جبکہ خودکار ڈرائیونگ کی سہولت استعمال کرنے کے لیے ماہانہ 299 ڈالر کی رکنیت بھی لینا ہوگی۔

ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک نے کہا ہے کہ ضابطہ جاتی منظوری حاصل ہونے کے بعد یہ پیشکش ملک بھر میں دستیاب ہوگی۔ تاہم انہوں نے ماہانہ رکنیت کی قیمت کو زیادہ قرار دیتے ہوئے اسے کم کرکے تقریباً 115 ڈالر ماہانہ تک لانے کا عندیہ دیا، جو ٹیسلا کی دیگر گاڑیوں میں مکمل خودکار ڈرائیونگ اور رابطے کی سہولیات کی موجودہ لاگت کے قریب ہے۔

یہ پیش رفت ٹیسلا کی جانب سے بغیر ڈرائیور گاڑیوں کی ٹیکنالوجی کو تجارتی روبوٹیکسی سروس سے آگے بڑھا کر نجی گاڑیوں کی مارکیٹ تک پہنچانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

مزیدپڑھیں:فوجی کارروائی کی ضرورت نہیں، معاشی دباؤ سے ایران کمزور ہوگیا ہے: مارکو روبیو

کمپنی کے نائب صدر برائے گاڑیوں کی انجینئرنگ لارس موراوی نے گزشتہ ماہ بتایا تھا کہ ٹیسلا کا ہدف 2026 کے اختتام تک سائبرکیب روبوٹیکسی عام صارفین کو فروخت کرنا شروع کرنا ہے۔

ٹیسلا کے مصنوعی ذہانت کے شعبے کے سربراہ اشوک ایلسوامی نے بھی کہا ہے کہ سائبرکیب انہی جغرافیائی علاقوں میں بغیر انسانی نگرانی کے کام کرے گی جہاں کمپنی کی روبوٹیکسی سروس دستیاب ہے۔

ٹیسلا نے جون 2025 میں امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر آسٹن میں بغیر نگرانی روبوٹیکسی سروس شروع کی تھی، جسے اپریل 2026 میں ڈیلاس اور ہیوسٹن تک توسیع دی گئی، جبکہ جولائی میں میامی میں بھی یہ سروس متعارف کرائی گئی۔

حالیہ پیشکش سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹیسلا اپنی خودکار ڈرائیونگ ٹیکنالوجی براہ راست صارفین تک پہنچانے کی تیاری کر رہی ہے، تاہم سائبرکیب کی وسیع پیمانے پر دستیابی کا انحصار متعلقہ حکام کی منظوری پر ہوگا۔