اسلام آباد: سابق سینیٹر مشاہد حسین سید نے پاکستان میں 12 سے 38 نئے صوبے بنانے کی تجاویز کو ملک کی وفاقی وحدت کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ یہ امریکی منصوبہ ہے، جس کا مقصد پاکستان سمیت بڑے مسلم ممالک کو اندرونی طور پر کمزور اور تقسیم کرنا ہے۔
ان کے مطابق خطے میں جاری کشیدگی اور ممکنہ علاقائی جنگ کے تناظر میں پاکستان کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جو ملک میں انتشار اور صوبائی اختلافات کو ہوا دیں۔
پاکستان کی انتظامی تقسیم سے متعلق 12 اور 38 صوبوں کی تجاویز اگست 2025 میں سابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور سابق وفاقی وزیر گوہر اعجاز کے قائم کردہ تھنک ٹینک اکنامک پالیسی اینڈ بزنس ڈیولپمنٹ (ای پی بی ڈی) کی جانب سے پیش کی گئی تھیں۔
تجویز کردہ ایک ماڈل کے تحت ملک کو 12 صوبوں میں تقسیم کرنے اور ہر صوبے کی آبادی تقریباً دو کروڑ رکھنے کا تصور دیا گیا، جبکہ دوسرے ماڈل میں 38 انتظامی یونٹس بنانے کی تجویز پیش کی گئی، جن کی آبادی تقریباً 63 لاکھ فی یونٹ ہو سکتی ہے۔
تھنک ٹینک کے مطابق چھوٹے انتظامی یونٹس سے وسائل کی منصفانہ تقسیم، انتظامی کارکردگی اور عوام کو سہولتوں کی فراہمی بہتر بنائی جا سکتی ہے۔مشاہد حسین سید نے 3 اکتوبر 2026 کو شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سوال پر کہا کہ پاکستان کے موجودہ نظام میں خامیاں ضرور موجود ہیں، تاہم ان مسائل کا حل نئے صوبے بنانا نہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ نئے صوبوں کی تجویز امریکی منصوبے کا حصہ ہے اور پاکستان کو بیرونی قوتوں کے تیار کردہ راستے پر نہیں چلنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بااثر شخصیات علاقائی حالات اور زمینی حقائق کو نظرانداز کرتے ہوئے اس تجویز کی حمایت کر رہی ہیں۔
انہوں نے 10 ستمبر کو سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں بھی خدشہ ظاہر کیا تھا کہ پاکستان کو امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ میں الجھانے، یمن جیسے تنازعات کے ذریعے مسلم ممالک کے درمیان اختلافات اور تصادم بڑھانے اور پاکستان، ترکیہ اور ایران جیسے اہم ممالک کو اندرونی اختلافات کے ذریعے کمزور کرنے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔
مشاہد حسین سید کے مطابق اس مبینہ حکمت عملی کا مقصد وفاقی نظام کو کمزور کرکے اسے کنفیڈریشن جیسی صورت میں تبدیل کرنا ہو سکتا ہے۔
انہوں نے اس حوالے سے انڈونیشیا اور سوڈان کی تقسیم کی مثالیں بھی پیش کیں۔مشاہد حسین سید نے نئے صوبوں کے قیام کے بجائے موجودہ صوبوں میں اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اٹھارہویں آئینی ترمیم اور آئین کے آرٹیکل 140-A کے تحت بلدیاتی اداروں کو سیاسی، انتظامی اور مالی اختیارات دینا ضروری ہے۔
ان کے مطابق صوبائی اختیارات وزیراعلیٰ اور صوبائی دارالحکومتوں تک محدود رہنے کے باعث دور دراز علاقوں کے عوام کو معمولی مسائل کے حل کے لیے بھی طویل فاصلہ طے کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے مقامی حکومتوں کو مضبوط بنانے، میرٹ اور احتساب کے نظام کو مؤثر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئین کے آرٹیکل 239 کے تحت آئینی ترمیم درکار ہوتی ہے۔
جس کی منظوری قومی اسمبلی اور سینیٹ میں دو تہائی اکثریت کے علاوہ متعلقہ صوبائی اسمبلی سے بھی دو تہائی اکثریت سے لینا لازم ہے۔ اس معاملے پر سیاسی حلقوں میں مختلف آرا پائی جاتی ہیں۔
وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کر چکے ہیں، جبکہ مشاہد حسین سید اور بعض دیگر رہنما اس تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے انتظامی اصلاحات اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کو ترجیح دیتے ہیں۔
مزید پڑھیں:ڈسپلن کیخلاف ورزی اور ناقص کارکردگی، عماد بٹ اذلان شاہ ٹورنامنٹ سے باہر
تاہم 38 صوبوں کی تجویز کو کسی مصدقہ امریکی سرکاری منصوبے کا حصہ قرار دینے کے شواہد دستیاب نہیں؛ یہ دعویٰ مشاہد حسین سید کے سیاسی تجزیے اور مؤقف کے طور پر ہی بیان کیا جا سکتا ہے۔








