بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

 پولیس افسر کے گھر کام کرنے والی تیرہ سالہ بچی کی موت تشدد سے ہوئی، رپورٹ سامنے آگئی

اسلام آباد میں سینئر پولیس افسر کے گھر کام کرنے والی 13 سالہ گھریلو ملازمہ فاطمہ اصغر کی ہلاکت کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ نے بچی کی موت کی وجہ وحشیانہ جسمانی تشدد کو قرار دے دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سامنے آنے والی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ شدید جسمانی تشدد کے باعث بچی کے جسم میں شدید سوزش پیدا ہوئی اور گہری چوٹوں کے نتیجے میں جسم کے اندر خون کے لوتھڑے بن گئے۔ رپورٹ میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ خون کے لوتھڑے بننے کے بعد کمسن بچی کو ’تھرومبو ایمبولزم‘ کی جان لیوا طبی کیفیت لاحق ہوئی، جس کے نتیجے میں بالآخر ’کارڈیو پلمونری اریسٹ‘ ہوا اور بچی کے دل اور پھیپھڑوں نے کام کرنا بند کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دوسری جانب کیس کی تفتیش میں بھی اہم شواہد حاصل کر لیے گئے ہیں اور پولیس نے بچی پر تشدد کے لیے استعمال ہونے والی استری اور ڈنڈے برآمد کر لیے ہیں۔ دورانِ تفتیش گرفتار ملزم علی رضا نے پولیس کو دیے گئے اپنے بیان میں مرکزی ملزمہ کی جانب سے بچی پر کیے جانے والے تشدد کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمہ اکثر بچی کو ڈنڈوں سے مارتی پیٹتی تھی، اور جب تشدد کے باعث بچی کی حالت زیادہ خراب ہوئی تو اسے اسپتال لے جانے کے بجائے پہلے پولیس لائن کے ڈسپینسر سے چیک اپ کروایا گیا تھا۔