بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دو مراحل میں کرانے کی منظوری دیدی

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دو مراحل میں کرانے کی صوبائی حکومت کی تجویز باضابطہ طور پر منظور کرتے ہوئے چیف سیکریٹری پنجاب کو مراسلہ جاری کر دیا ہے اور انتخابی تیاریوں کا عمل فوری آگے بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حکومتِ پنجاب نے 16 نومبر کو بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کی تجویز بھجوائی تھی، جس سے کمیشن نے اتفاق کر لیا ہے۔ فیصلے کے تحت پہلے مرحلے میں پنجاب کے 18 اور دوسرے مرحلے میں بھی 18 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات منعقد کرائے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق پہلے مرحلے میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، بہاولپور، چکوال، تلہ گنگ، سیالکوٹ، اوکاڑہ، قصور اور سرگودھا سمیت 18 اضلاع میں پولنگ ہوگی، جبکہ دوسرے مرحلے میں اٹک، لیہ، ملتان، گجرات، جھنگ، خوشاب، ساہیوال، گوجرانوالہ، وزیر آباد اور میانوالی سمیت دیگر 18 اضلاع میں انتخابات کرائے جائیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یاد رہے کہ اس سے قبل حکومتِ پنجاب نے موسمی حالات اور انتظامی مشکلات کے پیش نظر بلدیاتی انتخابات اپریل 2027 میں کرانے کی درخواست کی تھی اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ موسمِ سرما کے دوران اسموگ اور شدید دھند سے انتخابی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے، تاہم بعد ازاں صوبائی حکومت نے موسم بہتر ہونے کے پیش نظر جنوری یا فروری 2027 میں انتخابات کرانے کی نئی درخواست دی تھی، جس کا جائزہ لینے کے بعد الیکشن کمیشن نے پہلے مرحلے کے لیے 7 فروری 2027 کی تاریخ مقرر کی ہے۔ واضح رہے کہ پنجاب میں آخری مرتبہ بلدیاتی انتخابات 2015 میں ہوئے تھے اور منتخب اداروں کی مدت 31 دسمبر 2021 کو مکمل ہونے کے بعد سے بلدیاتی قوانین میں تبدیلیوں اور حلقہ بندیوں کے باعث انتخابات مسلسل تاخیر کا شکار چلے آ رہے ہیں۔